’تاریخی تقرری‘، انگلینڈ کرکٹ ٹیم کی سابق وکٹ کیپر مرد کرکٹرز کو فیلڈنگ کے گُر ’سکھائیں گی‘
سارہ ٹیلر، نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں انگلینڈ مینز کرکٹ ٹیم کے ساتھ کام کریں گی (فائل فوٹو: گیٹی)
انگلینڈ کی ویمن کرکٹ ٹیم کی سابق وکٹ کیپر سارہ ٹیلر کو انگلینڈ کی مینز کرکٹ ٹیم کا فیلڈنگ کوچ مقرر کیا گیا ہے۔
سارہ ٹیلر نیوزی لینڈ کے خلاف چار جون سے شروع ہونے والی تین ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز میں انگلینڈ مینز کرکٹ ٹیم کے ساتھ کام کریں گی۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف کے مطابق سارہ ٹیلر کی تعیناتی آئندہ ماہ نیوزی لینڈ کے خلاف انگلینڈ کی ٹیسٹ سیریز کے لیے کئی گئی ہے اور اسے ایک تاریخی تقرری قرار دیا جا رہا ہے۔
سنہ 2017 میں ورلڈ کپ جیتنے والے ٹیم کی وکٹ کیپر سارہ ٹیلر حال ہی میں انگلینڈ لائنز مینز ٹیم کے ساتھ، سابق انگلش آل راؤنڈر اینڈریو فلنٹوف کی نگرانی میں بطور اسسٹنٹ کوچ کام کر چکی ہیں۔
تاہم 36 برس کی سابق کھلاڑی نے انگلینڈ مینز کرکٹ ٹیم کے ساتھ وابستہ ہو کر سب سے سینیئر خاتون کوچ کے طور پر اپنے کیریئر کو ایک نیا رُخ دیا ہے۔
واضح رہے کہ آسٹریلیا کے سابق مایہ ناز وکٹ کیپر ایڈم گلکرسٹ نے سارہ ٹیلر کو ’دنیا کا بہترین وکٹ کیپر‘ قرار دیا تھا۔
وہ سنہ 2021 میں کاؤنٹی سائیڈ سسیکس کے کوچنگ سٹاف میں شامل ہوئیں اور اگلے سیزن میں انہوں نے ہنڈرڈ فرنچائز ’مانچسٹر اوریجنلز‘ کی کوچنگ کی۔
سنہ 2015 میں سارہ ٹیلر نے ناردرن ڈسٹرکٹ کی ٹیم کے لیے آسٹریلیا میں فرسٹ گریڈ یا سینیئر کلب سطح کی کرکٹ کھیلنے والی پہلی خاتون کھلاڑی بننے کا اعزاز حاصل کیا۔