Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بال ٹیمپرنگ تنازع: آسٹریلوی کھلاڑیوں کی ایک دوسرے پر الزام تراشی جاری، عثمان خواجہ، پیٹ کمنز کے بیان پر مایوس

عثمان خواجہ نے رواں ماہ شائع ہونے والی اپنی خودنوشت میں ’سینڈ پیپر گیٹ سکینڈل‘ کے متعلق انکشافات کیے تھے (فائل فوٹو: اے ایف پی)
آسٹریلیا کے سابق اوپنر عثمان خواجہ نے کہا ہے کہ وہ کبھی نہیں چاہتے تھے کہ بال ٹیمپرنگ سکینڈل ’سینڈ پیپر گیٹ‘ کے معاملے پر پیٹ کمنز کو آسٹریلوی ٹیم کی کپتانی سے ہٹایا جائے، تاہم اس تنازع میں پیٹ کمنز کے انکار اور ان کے ذاتی حملے پر انہیں مایوسی ہوئی۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی ’اے ایف پی‘ کے مطابق عثمان خواجہ نے بدھ کے روز ’دی گریڈ کرکٹر‘ پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’ان کا مقصد پیٹ کمنز کو کپتانی سے ہٹانا نہیں تھا بلکہ وہ چاہتے تھے کہ سنہ 2018 کے بال ٹیمپرنگ سکینڈل کی اجتماعی ذمہ داری قبول کی جائے۔‘
عثمان خواجہ نے رواں ماہ شائع ہونے والی اپنی خودنوشت میں دعویٰ کیا تھا کہ ’جنوبی افریقہ کے خلاف کیپ ٹاؤن ٹیسٹ میں گیند کی حالت تبدیل کرنے کے منصوبے سے آسٹریلوی ٹیم کے تمام کھلاڑی آگاہ تھے۔‘
اس وقت کرکٹ آسٹریلیا کی تحقیقات میں صرف کپتان سٹیو اسمتھ، نائب کپتان ڈیوڈ وارنر اور کیمرون بینکرافٹ کو ذمہ دار قرار دیا گیا تھا۔ کیمرون بینکرافٹ نے سینڈ پیپر استعمال کرتے ہوئے گیند کی حالت تبدیل کی تھی۔
عثمان خواجہ کے دعوے سامنے آنے کے بعد پیٹ کمنز نے طویل پریس کانفرنس میں سکینڈل میں کسی بھی قسم کے ملوث ہونے کی تردید کی تھی۔ بعد ازاں کرکٹ آسٹریلیا نے بھی متفقہ طور پر ان کی کپتانی کی حمایت کا اعلان کیا تھا۔
عثمان خواجہ کے مطابق انہوں نے پیٹ کمنز کی پریس کانفرنس سے چند روز قبل ان سے رابطہ کیا تھا تاکہ دونوں کسی مشترکہ مؤقف پر پہنچ سکیں اور ٹیم کی حیثیت سے اجتماعی ذمہ داری قبول کرنے پر اتفاق کیا جا سکے۔
تاہم پیٹ کمنز نے نہ صرف اپنے ملوث ہونے کی تردید کی بلکہ عثمان خواجہ کے دعوؤں کو غیر سنجیدہ قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ ’آٹھ سال بعد اس معاملے کو اٹھانا مناسب نہیں اور ان کے بعض دعوے ہتکِ عزت کے زمرے میں بھی آ سکتے ہیں۔‘
عثمان خواجہ نے کہا کہ انہیں پیٹ کمنز کے ’اس ردعمل کی توقع نہیں تھی۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’میں کبھی توقع نہیں کر رہا تھا کہ پیٹ مجھ پر ذاتی طور پر اس طرح حملہ کریں گے۔ میرے بیان پر تنقید کرتے تو بات سمجھ آتی، لیکن جس انداز میں انہوں نے ذاتی طور پر ردعمل دیا اور مسلسل بات کرتے رہے، میں نے پہلے پیٹ کا یہ پہلو کبھی نہیں دیکھا تھا، جس پر مجھے مایوسی ہوئی۔‘
واضح رہے کہ آسٹریلوی فاسٹ بولرز پیٹ کمنز، مچل سٹارک، جوش ہیزل ووڈ اور نیتھن لیون نے 2021 میں مشترکہ بیان جاری کرتے ہوئے اس سکینڈل میں ملوث ہونے کی تردید کی تھی۔
عثمان خواجہ نے ایک بار پھر اپنے مؤقف کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے سچ بیان کیا ہے اور انہیں اپنے بیان پر کوئی پچھتاوا نہیں، جبکہ ڈیوڈ وارنر اور کیمرون بینکرافٹ بھی ان کے مؤقف کی حمایت کر چکے ہیں۔
کرکٹ آسٹریلیا نے اس معاملے کی دوبارہ تحقیقات سے انکار کرتے ہوئے کھلاڑیوں کو 2018 کے واقعات سے متعلق اپنے تجربات بیان کرنے کے لیے ایک فورم قائم کیا ہے۔
عثمان خواجہ نے بتایا کہ انہوں نے کرکٹ آسٹریلیا کے چیف ایگزیکٹو ٹوڈ گرینبرگ کو ایک مشترکہ بیان کی تجویز بھی دی تھی، جس کا مقصد تنازع میں شامل فریقین کے درمیان اتفاقِ رائے پیدا کرنا تھا۔
مجوزہ بیان میں کہا گیا تھا کہ ’آسٹریلوی ٹیم اس بات کو تسلیم کرتی ہے کہ 2018 میں جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز کے دوران گیند کی مصنوعی طریقے سے حالت تبدیل کی جا رہی تھی اور پوری ٹیم اس عمل سے آگاہ تھی، خواہ اس کے لیے سینڈ پیپر استعمال کیا گیا ہو یا کوئی اور طریقہ اختیار کیا گیا ہو۔‘
بیان میں تمام کھلاڑیوں اور اسکواڈ کی جانب سے اس عمل کی اجتماعی ذمہ داری قبول کرنے کی بات بھی شامل تھی۔
عثمان خواجہ کے مطابق کرکٹ آسٹریلیا کے چیف ایگزیکٹو ٹوڈ گرینبرگ نے مجوزہ بیان پر جواب دیتے ہوئے کہا تھا کہ انہیں یقین نہیں کہ یہ تجویز قابلِ قبول ہو سکے گی۔

شیئر: