Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فولڈ ایبل آئی فون کی ممکنہ قیمت کیا ہو گی اور یہ کب لانچ ہو گا؟

فولڈ ایبل آئی فون اب تک کا سب سے مہنگا آئی فون ہو گا (فوٹو: سی نیٹ)
معروف امریکی ٹیکنالوجی کمپنی ایپل کا پہلا فولڈ ایبل آئی فون آئندہ برس 2026 میں متعارف کروائے جانے کی توقع ہے۔
’سی نیٹ‘ کے مطابق ایپل کے فولڈ ایبل آئی فون کی سب سے حیران کن خصوصیت یہ ہوگی کہ فولڈ ہونے کے باوجود اس کی سکرین پر کوئی کریز ظاہر نہیں ہوگی جو آج تک کسی فولڈ ایبل فون میں مکمل طور پر ممکن نہیں ہو سکا ہے۔
چینی میڈیا ’یو ڈی این‘ کا کہنا ہے کہ ایپل کے انجینیئرز نے کریز فری ڈیزائن میں بڑی کامیابی حاصل کر لی ہے اور یہ منصوبہ اب پری ماس پروڈکشن کے مرحلے میں داخل ہو چکا ہے جبکہ آئی فون فولڈ کی لانچنگ ستمبر 2026 تک متوقع ہے۔
جدید ٹیکنالوجی کی وجہ سے فولڈ ایبل آئی فون کی قیمت بہت زیادہ رکھی جائے گی۔
’فیوبن ریسرچ‘ کے مطابق آئی فون فولڈ ایبل کی نئی ممکنہ قیمت تقریباً دو ہزار 399 ڈالر ہو سکتی ہے۔
حالیہ برسوں میں لانچ ہونے والے مختلف کمپنیوں کے فولڈ ایبل فونز کی قیمتیں عام موبائل فونز سے زیادہ ہیں لیکن فولڈ ایبل آئی فون کی قیمت ان سب سے زیادہ ہو گی۔
رپورٹ کے مطابق ایپل ’نیو ریکسنگ‘ اور ’امپینول‘ مل کر ایک مضبوط اور لچکدار ڈسپلے تیار کر رہے ہیں جو لیکوئڈ میٹل (مائع دھات) سے بنایا جائے گا تاکہ بار بار فولڈ ہونے کے باوجود سکرین پر کوئی نشان نہ آئے۔ موبائل کی اندرونی ڈسپلے ’سام سانگ‘ بنا رہی ہے جبکہ پینل کے ڈیزائن، میٹریل اور لیمینیشن ایپل خود تیار کر رہا ہے۔
تکنیکی ماہرین کا کہنا ہے کہ فولڈ ایبل فونز کی مارکیٹ مسلسل بڑھ رہی ہے لیکن کریز کا مسئلہ اب تک حل نہیں ہوا، اسی لیے ایپل کا یہ قدم اس مارکیٹ میں بڑا بدلاؤ لا سکتا ہے۔
دوسری جانب او لیڈ پینل، ہائی سٹرینتھ ڈسپلے اور ریم کی 75 فیصد بڑھتی ہوئی قیمتیں فون کی مجموعی لاگت کو بہت زیادہ بڑھا رہی ہیں مگر ٹیک ماہرین کا ماننا ہے کہ صارفین نئی ٹیکنالوجی اور ایپل کی برینڈ ویلیو کی وجہ سے اتنی مہنگی ڈیوائس خریدنے کے لیے پھر بھی تیار ہوں گے۔

شیئر: