سعودی حکومت کے پیش نظر اللہ کے مہمانوں کی خدمت اولین ترجیح ہے۔ مملکت میں سالانہ بنیادوں پر لاکھوں عمرہ زائرین اور عازمین حج آتے ہیں جن کے معاملات کو منظم کرنے اور انہیں ہرممکن سہولت فراہم کرنے کے لیے حکومت کی جانب سے کافی اقدامات کیے جاتے ہیں۔
وزارتِ حج وعمرہ نے زائرین کے علاوہ مملکت کے شہریوں اور یہاں رہنے والے غیرملکیوں کی سہولت کے لیے مصنوعی ذہانت کا استعمال کرتے ہوئے مختلف اپیلی کیشنز متعارف کرائیں ہیں جن میں ’نسک‘ اس اعتبار سے اہم ہے کہ اس کے ذریعے عمرہ کی ادائیگی اور مسجد نبوی الشریف کی زیارت میں کافی سہولت ہوتی ہے۔
نسک پورٹل کا آغاز کورونا وبا کے بعد کیا گیا تھا جب حرمین میں زائرین کی تعداد کو محدود رکھنے کی پابندی ایک طبی مجبوری تھی اورعمرے کی ادائیگی کے لیے پرمٹ حاصل کرنا ضروری تھا۔
نسک پورٹل کا دائرہ وقت کے ساتھ ساتھ وسیع ہوتا گیا۔ اس وقت 190 ممالک میں نسک کے رجسٹرڈ صارفین کی تعداد 13 ملین سے تجاوز کر چکی ہے جن میں 90 فیصد کا تعلق بیرونِ مملکت سے ہے۔
نسک پورٹل پر فراہم کی جانے والی سروسز کو نہ صرف بڑھایا گیا بلکہ عالمی سطح پر صارفین کی بڑھتی ہوئی تعداد کو دیکھتے ہوئے مختلف زبانوں کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے۔ اس وقت نسک پر اردو سمیت 20 زبانوں میں محتلف خدمات فراہم کی جا رہی ہیں۔
سعودی حکومت کے پیش نظر اللہ کے مہمانوں کی خدمت اولین ترجیح ہے (فوٹو: مائی نسک)
عازمین حج کے لیے پورٹل کی افادیت
ان دنوں دنیا بھر سے لاکھوں کی تعداد میں عازمینِ حج مملکت میں موجود ہیں جبکہ ان کی تعداد میں روزانہ کی بنیاد پر اضافہ ہو رہا ہے۔
پورٹل پر جہاں درست دینی معلومات مہیا کی گئی ہیں وہاں دونوں مقدس شہروں کے اہم تاریخی مقامات کے حوالے سے بھی قیمتی معلومات فراہم کی گئی ہیں علاوہ ازیں پورٹل سے ہوٹل اور فلائٹ بکنگ کی سہولت بھی دستیاب ہے۔
اس کے ذریعے عازمین کے لیے سب سے اہم اور ضروری سروس ریاض الجنہ میں نوافل کی ادائیگی کے لیے وقت کی بکنگ بآسانی کرائی جا سکتی ہے۔
ریاض الجنہ کے لیے پرمٹ حاصل کرنے کی خصوصی سہولت فراہم کی گئی ہے کہ زائرین مسجد نبوی الشریف کے بیرونی صحن میں رہتے ہوئے بھی متعدد بار زیارت کا وقت حاصل کر سکتے ہیں کیونکہ موجود سلاٹس ہر گزرتے منٹ کے ساتھ خود کار طریقے سے اپ ڈیٹ ہوتے ہیں۔
زیارت کے لیے پرمٹ حاصل کرنے سے یہ سہولت ہوتی ہے کہ زائرین آرام سے بغیر کسی دشواری کے وقتِ مقررہ پر زیارت کرسکتے ہیں۔
نسک پورٹل پر رجسٹریشن کا طریقہ کار انتہائی آسان اور سادہ رکھا گیا ہے۔ ایپلی کیشن کو اپنے سمارٹ فون میں انسٹال کرنے کے بعد اس میں لاگ ان کے لیے اپنے پاسپورٹ کی درکار معلومات کو فیڈ کرنا ہوتا ہے۔
ایپ میں لاگ ان کرنے کے بعد اپنی سہولت کے مطابق زبان کا تعین کریں تاکہ ایپ کے طریقے کار کو سمجھ سکیں۔ ایپلی کیشن کا استعمال بھی نہایت آسان ہے جس کے ذریعے آپ کوئی بھی سروس حاصل کرسکتے ہیں۔