’شاید قبولیت کی گھڑی تھی‘: تین مصری بہنوں کا نام ایک ساتھ حج قرعہ اندازی میں نکل آیا
مصر میں ایک متوسط خاندان کی تین بہنوں کی حج ادا کرنے کی خواہش اس وقت پوری ہو گئی جب تینوں بہنوں کا نام ایک ساتھ حج قرعہ اندازی میں نکل آیا۔
الاخباریہ سے گفتگو کرتے ہوئے مصری خاتون شیما عوض نے بتایا کہ ’ہم نے اپنی اور دونوں بہنوں کی درخواست دی تھی اور ہماری خواہش تھی کہ تینوں بہنیں ایک ساتھ فریضہ حج ادا کریں۔‘
خاتون کا کہنا تھا ’درخواست تو جمع کرا دی مگر یہ امید نہ تھی کہ ہماری آرزو پوری ہو جائے گی، شاید وہ قبولیت کی مبارک گھڑی تھی۔‘
شیما عوض کا کہنا تھا کہ ’میرے شوہر نے دو برس قبل حج ادا کیا تھا۔ انہوں نے مجھے حج کرنے کی ترغیب دی اور کہا صحت و تندرستی کے ساتھ فریضہ ادا ہو جائے تو بہتر ہے۔‘
مصری خاتون اس خدشے کا شکار تھیں کہ اگر تنہا سفر حج کرنا پڑے تو کتنی مشکل ہو گی، اسی لیے دعا گو تھی کہ تینوں بہنیں ایک ساتھ مقدس فریضے پر جا سکیں۔
جب قرعہ اندازی میں تینوں بہنوں کا نام نکل آیا تو خوشی کی انتہا نہ رہی۔ تینوں بہنوں کا ایک ساتھ نام نکلنا کسی انعام سے کم نہیں تھا۔
شیما کی بہن ہالہ عوض نے اپنی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ’جب چھوٹی بہن نے ہم تینوں کا نام قرعہ اندازی میں شامل کیا تو یہ یقین نہیں تھا کہ نام نکل آئیں گے۔ اللہ کا خاص فضل و کرم ہوا کہ ہم تینوں کا نام ایک ساتھ نکل آیا اور اب ہم اس سفر مقدس پر روانہ ہوں گے۔‘
