Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’سام سنگ ایس 26‘ اور ’آئی فون 17‘ میں سے بہتر موبائل کون سا ہے؟

ایپل کا موجودہ فلیگ شپ فون ’آئی فون 17‘ ہے جس کی قیمت تقریباً 799 ڈالر ہے (فوٹو: سی نیٹ)
مشہور ٹیکنالوجی کمپنی سام سنگ نے فروری میں ہونے والے ’گیلیکسی اَن پیکڈ ایونٹ‘ میں اپنے نئے سمارٹ فون ’گیلیکسی ایس 26‘ کو متعارف کروایا۔
اس کے ساتھ ہی کمپنی نے ’ایس 26 پلس‘ اور ’ایس 26 الٹرا‘ بھی پیش کیے جبکہ بنیادی ماڈل کے طور پر ’گیلیکسی ایس 26‘ کی قیمت تقریباً 900 ڈالر رکھی گئی ہے۔
دوسری جانب ایپل کا موجودہ فلیگ شپ فون ’آئی فون 17‘ ہے جس کی قیمت تقریباً 799 ڈالر ہے۔
دونوں فونز جدید فیچرز کے ساتھ مارکیٹ میں موجود ہیں اور صارفین کے لیے ایک دوسرے کے مضبوط حریف بن گئے ہیں۔ مشہور ٹیکنالوجی ویب سائٹ سی نیٹ نے دونوں موبائل فونز کا موازنہ کیا ہے جس کے بعد صارفین یہ اندازہ لگا سکتے ہیں کہ کس فیچر میں کون سا موبائل بہتر ہے۔

ڈسپلے

دونوں موبائل فونز میں 6.3 انچ کا ڈسپلے دیا گیا ہے۔ ’گیلیکسی ایس 26‘ میں ایمولیڈ ڈسپلے موجود ہے جس کی ریزولوشن 2340 بائے 1080 پکسلز ہے جبکہ ’آئی فون 17‘ میں او ایل ای ڈی ڈسپلے دیا گیا ہے جس کی ریزولوشن 2622 بائے 1206 پکسلز ہے۔ اس طرح ’آئی فون 17‘ کی پکسل ڈینسٹی 460 پی پی آئی ہے جو گیلیکسی ایس 26 کی 411 پی پی آئی سے زیادہ ہے۔
برائٹنس کے لحاظ سے بھی ’آئی فون 17‘ برتری رکھتا ہے کیونکہ اس کی زیادہ سے زیادہ برائٹنیس تین ہزار نٹس ہے، جبکہ گیلیکسی ’ایس 26‘ کی برائٹنیس دو ہزار 600 نٹس ہے۔ تاہم ’گیلیکسی ایس 26‘ میں وہ پرائیویسی ڈسپلے فیچر موجود نہیں جو ’گیلیکسی ایس 26 الٹرا‘ میں دیا گیا ہے اور جس کے ذریعے سکرین کو اطراف کے لوگوں سے جزوی طور پر پوشیدہ رکھا جا سکتا ہے۔

دونوں فونز میں 120 ہرٹز ویری ایبل ریفریش ریٹ موجود ہے (فوٹو: سی نیٹ)

دونوں فونز میں 120 ہرٹز ویری ایبل ریفریش ریٹ موجود ہے جس سے سکرولنگ زیادہ ہموار اور گیمنگ کا تجربہ بہتر ہو جاتا ہے، جبکہ آلویز آن ڈسپلے کی سہولت بھی دستیاب ہے۔

کیمرہ

’گیلیکسی ایس 26‘ میں تین کیمرے دیے گئے ہیں جن میں 50 میگا پکسل وائیڈ، 12 میگا پکسل الٹرا وائیڈ اور 10 میگا پکسل ٹیلی فوٹو کیمرہ شامل ہے۔ اس کے مقابلے میں ’آئی فون 17‘ میں دو کیمرے ہیں جن میں 48 میگا پکسل وائیڈ اور 48 میگا پکسل الٹرا وائیڈ کیمرہ شامل ہے۔ خاص طور پر 48 میگا پکسل الٹرا وائیڈ کیمرہ میکرو فوٹوگرافی کے لیے بہتر سمجھا جاتا ہے۔
سیلفی کیمرے کی بات کریں تو ’آئی فون 17‘ میں 18 میگا پکسل فرنٹ کیمرہ دیا گیا ہے جبکہ ’گیلیکسی ایس 26‘ میں 12 میگا پکسل فرنٹ کیمرہ موجود ہے۔

’گیلیکسی ایس 26‘ میں چار ہزار تین سو ایم اے ایچ بیٹری دی گئی ہے (فوٹو: سی نیٹ)

بیٹری اور پروسیسر

’گیلیکسی ایس 26‘ میں چار ہزار تین سو ایم اے ایچ بیٹری دی گئی ہے جبکہ ’آئی فون 17‘ میں تین ہزار 692 ایم اے ایچ بیٹری موجود ہے۔ تاہم ایپل کا دعویٰ ہے کہ ’آئی فون 17‘ میں موجود ایڈاپٹو پاور فیچر بیٹری کے استعمال کو بہتر بناتا ہے جس سے فون کی بیٹری لائف بہتر رہتی ہے۔
اسی طرح سے ’گیلیکسی ایس 26‘ میں 25 واٹ وائرڈ اور 15 واٹ وائرلیس چارجنگ کی سہولت ہے جبکہ ’آئی فون 17‘ کو 40 واٹ یا اس سے زیادہ طاقت والے اڈاپٹر سے چارج کیا جائے تو یہ صرف 20 منٹ میں 50 فیصد تک چارج ہو سکتا ہے۔
کارکردگی کے لحاظ سے ’گیلیکسی ایس 26‘ میں ’سنیپ ڈریگن ایٹ ایلیٹ جنریشن فور‘ پروسیسر دیا گیا ہے جبکہ ’آئی فون 17‘ ایپل کے ’اے 19‘ چِپ سے چلتا ہے۔ دونوں فونز 256 جی بی اور 512 جی بی سٹوریج آپشنز کے ساتھ دستیاب ہیں۔

شیئر: