Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’آئی فون 18 پرو‘ اور فولڈ ایبل آئی فون کے متوقع نئے رنگ کون سے ہوں گے؟َ

آئی فون 18 پرو مختلف رنگوں میں دستیاب ہو گا (فوٹو: سی نیٹ)
ٹیکنالوجی کی دنیا میں ’ایپل‘ کے آنے والے فلیگ شپ فونز کے حوالے سے ایک نئی افواہ سامنے آئی ہے، جس کے مطابق ’آئی فون 18 پرو‘ اور پرو میکس ماڈلز کو ایک منفرد ڈارک چیری ریڈ رنگ میں متعارف کرایا جا سکتا ہے۔
سی نیٹ کے مطابق یہ رنگ روایتی سرخ کے بجائے زیادہ گہرے، وائن جیسے شیڈ پر مبنی ہوگا، جو اسے ایک پریمیم اور منفرد لک دے سکتا ہے۔
یہ دعویٰ ایک نامعلوم ذریعے کے حوالے سے سامنے آیا ہے، جس کا تعلق سپلائی چین سے بتایا جا رہا ہے۔
رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ نئے آئی فون ماڈلز کے ساتھ ساتھ ایپل کا پہلا فولڈیبل فون بھی رواں سال ستمبر میں لانچ کیا جا سکتا ہے۔ تاہم فولڈیبل ڈیوائس کے نام کے حوالے سے مختلف قیاس آرائیاں جاری ہیں، جن میں الٹرا، فولڈ یا آئی فلپ جیسے نام شامل ہیں۔
اب تک ’آئی فون 18 پرو میکس‘ یا فولڈیبل فون کے بارے میں ایپل کی جانب سے کوئی باضابطہ اعلان نہیں کیا گیا اور تمام معلومات افواہوں اور لیکس پر مبنی ہیں۔
مزید اطلاعات کے مطابق کمپنی دیگر رنگوں پر بھی غور کر رہی ہے، جن میں ہلکا نیلا، گہرا سرمئی اور سلور شامل ہیں۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ اس بار مکمل سیاہ رنگ شامل نہ ہونے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے، جو ماضی کی افواہوں کے برعکس ہے۔
دوسری جانب فولڈیبل فون کے لیے محدود رنگوں کے آپشنز متوقع ہیں، جن میں سلور وائٹ اور گہرے نیلے (انڈیگو) جیسے رنگ زیرِ غور ہیں۔

ایپل ہر سال اپنے فلیگ شپ فونز کے رنگوں میں تبدیلی کرتا رہتا ہے (فوٹو: سی نیٹ)

واضح رہے کہ ایپل ہر سال اپنے فلیگ شپ فونز کے رنگوں میں تبدیلی کرتا رہتا ہے۔ گزشتہ سال ’آئی فون 17 پرو‘ کے لیے ’کاسمک اورینج‘ رنگ متعارف کرایا گیا تھا جو صارفین میں خاصا مقبول ہوا۔
تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ ان تمام خبروں کو حتمی سمجھنے کے بجائے محتاط انداز میں لینا چاہیے، کیونکہ ایپل کی جانب سے ابھی تک کسی بھی فیچر یا رنگ کی تصدیق نہیں کی گئی۔

شیئر: