صارفین کو آئی فون دینے کے دعوے جھوٹے نکلے، آن لائن سٹور کے خلاف کارروائی
جعلی اشتہاری مہم چلانے پر ایک ملین ریال تک جرمانہ کیا جاسکتا ہے (فوٹو، ایکس اکاونٹ)
وزارتِ تجارت نے عطرو عود فروخت کرنے والے ایک آن لائن سٹور کے خلاف ای کامرس نظام کے تحت جعل سازی کا مقدمہ درج کرلیا ہے۔
اخبار 24 کے مطابق ای سٹور کی جانب سے صارفین کو جھوٹے اور گمراہ کن دعووں پر مبنی اشتہارات کے ذریعے خریداری کرنے کے لیے راغب کیا جارہا تھا۔
وزارت کا مزید کہنا تھا کہ آن لائن سٹور کی جانب سے سوشل میڈیا پلیٹ فرام پر اپنے اکاونٹ کے ذریعے ہر خریدار کو قیمتی تحائف دینے کا اعلان کیا گیا۔ اشتہار میں صارفین کو راغب کرنے کے لیے گمرہ کن اعلان میں کہا جاتا تھا ’سیزن کا سرپرائز ،،، ہر شخص کے لیے آئی فون‘۔
وزارت نے جب معاملے کی جانچ کی تو معلوم ہوا کہ سٹور نے سوشل میڈیا پر دیئے گئے اشتہار کے مطابق صارفین کو آئی فون نہیں بلکہ معمولی تحائف دیئے تھے۔ یہ عمل ای کامرس کے ضوابط کی صریح خلاف ورزی تھا۔
وزارت تجارت نے کیس ای کامرس قوانین کی خلاف ورزیوں پر نظر رکھنے والی کمیٹی کے حوالے کردیا جہاں سے ان کے خلاف قانون کی شق 11 کے تحت مقدمہ دائر کردیا گیا۔
قانون کی شق میں واضح طور پر کہا گیا ہے کہ جو کچھ اشتہار میں کہا گیا ہے اس کے مطابق عمل نہ کرنا صارف کو دھوکا دینا اور گمراہ کرنا ہے۔
وزارت کا مزید کہنا تھا کہ آن لائن سٹوز کے اشتہارات کی مسلسل نگرانی کی جاتی ہے اور خلاف ورزی پر کیس متعلقہ کمیٹی کے سپرد کیا جاتا ہے۔
وزارت کے مطابق دھوکا بازی اور جعلی اشتہارات پر ایک ملین ریال تک جرمانہ مقرر ہے جبکہ کمرشل ویب سائٹ کی بندش اور کاروباری سرگرمی پر پابندی بھی عائد کی جاسکتی ہے۔