Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’ایپل‘ کی سمارٹ گلاسز کب لانچ ہوں گی؟

متوقع سمارٹ گلاسز میں اوول شکل کے کیمرے شامل ہو سکتے ہیں (فوٹو: اے آئی)
معروف ٹیکنالوجی کمپنی ’ایپل‘ کی طویل عرصے سے زیرِ بحث سمارٹ گلاسز کی آمد میں مزید تاخیر کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
ٹیکنالوجی سے متعلق خبروں کے پلیٹ فارم’سی نیٹ‘ کے مطابق ’ایپل‘ اب اپنے مصنوعی ذہانت (اے آئی) سے لیس سمارٹ گلاسز سنہ 2027 کے آخر میں متعارف کرانے کا ارادہ رکھتی ہے۔
’بلومبرگ‘ کے معروف ٹیکنالوجی صحافی مارک گرمن کے مطابق ’اس پروجیکٹ کی تیاری کے دوران درپیش بعض تکنیکی چیلنجز کے باعث کمپنی کو اپنی ٹائم لائن تبدیل کرنا پڑی۔‘
اس سے قبل توقع کی جا رہی تھی کہ ’ایپل‘ رواں برس اس پروڈکٹ کا اعلان کرے گا جبکہ اس کی فروخت 2027 کے آغاز میں شروع ہو سکتی تھی۔
رپورٹ کے مطابق ’ایپل‘ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ٹم کک اس منصوبے کے سب سے بڑے حامی سمجھے جاتے ہیں اور کمپنی کے مستقبل کے لیے اسے انتہائی اہم قرار دیتے ہیں۔
دوسری جانب ستمبر میں ٹم کک کی جگہ سنبھالنے والے جان ٹرنس بھی گزشتہ دو برس سے اس پروجیکٹ کی ترقی میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں۔
متوقع سمارٹ گلاسز میں منفرد ڈیزائن، اوول شکل کے کیمرے، مختلف رنگوں اور متعدد فریم سٹائلز کی پیشکش کی جا سکتی ہے تاکہ انہیں مارکیٹ میں موجود دیگر مصنوعات سے الگ شناخت دی جا سکے۔
’ایپل‘ کا خیال ہے کہ مستقبل میں یہ گلاسز ایک ہیلتھ ڈیوائس کی شکل اختیار کر سکتے ہیں اور بعد ازاں ان میں آگمینٹڈ ریئلٹی (اے آر) ٹیکنالوجی بھی شامل کی جا سکتی ہے۔
رپورٹس کے مطابق یہ سمارٹ گلاسز ویڈیوز اور تصاویر بنانے کے لیے کیمروں، فون کالز اور نوٹیفکیشنز کے لیے مائیکروفونز اور سپیکرز جبکہ موسیقی سننے کی سہولت سے لیس ہوں گے۔
اس کے علاوہ صارفین سری (Siri) کے ذریعے اے آئی فیچرز سے بھی استفادہ کر سکیں گے۔
دوسری جانب مارکیٹ ریسرچ ادارے ’کاؤنٹرپوائنٹ ریسرچ‘ کی ایک حالیہ رپورٹ کے مطابق سمارٹ گلاسز کی عالمی مارکیٹ تیزی سے ترقی کر رہی ہے۔
سنہ 2025 کے دوسرے حصے میں اس شعبے میں سالانہ بنیادوں پر 139 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ مستقبل میں اس ٹیکنالوجی کی مانگ مزید بڑھ سکتی ہے۔
اگرچہ ’ایپل‘ نے اس حوالے سے باضابطہ طور پر کوئی تبصرہ نہیں کیا، تاہم ٹیکنالوجی ماہرین کے مطابق کمپنی کے سمارٹ گلاسز مستقبل کی سب سے اہم اور انقلابی مصنوعات میں شمار ہو سکتے ہیں۔

شیئر: