Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اقساط پر آئی فونز اور ریٹرن پالیسی، پاکستان کی ’دراز‘ ایپ پر باضابطہ ایپل سٹور کا آغاز

ایپل کا پاکستان میں فزیکل سٹور نہیں ہے، تاہم باضابطہ سیل سرٹیفائڈ ریٹیلرز کے ذریعے کی جاتی ہے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان میں پہلی مرتبہ ایپل کی باضابطہ اور مصدقہ موجودگی کے ساتھ ای کامرس ویب سائٹ دراز پر ’ایپل فلیگ شپ سٹور‘ لانچ کر دیا گیا ہے جس کے بعد اب صارفین کو آن لائن پلیٹ فارم پر اصل اور وارنٹی کے حامل ایپل مصنوعات خریدنے کی سہولت میسر ہوگی۔
پاکستان میں اس سے پہلے بھی آئی فون، میک بکس، ایئرپوڈز اور دیگر ایپل مصنوعات مختلف آن لائن سٹورز اور دراز کے دیگر سیلرز کے ذریعے دستیاب تھیں، تاہم اب فرق یہ ہے کہ دراز پر ایپل کا باقاعدہ ’آفیشل فلیگ شپ سٹور‘ متعارف کرایا گیا ہے، جہاں کمپنی کے تصدیق شدہ ڈسٹری بیوٹر کے ذریعے مصنوعات فروخت کی جا رہی ہیں۔
دراز پر قائم کیے گئے اس نئے ایپل سٹور میں آئی فون 17 سیریز، آئی فون 16، آئی فون 15 اور آئی فون 14 ماڈلز کے علاوہ آئی پیڈز، میک بکس، ایپل واچز، ایئرپوڈز اور دیگر لوازمات بھی شامل کیے گئے ہیں۔

واضح رہے اسے ایپل کا باضابطہ پاکستانی سٹور کہا جا سکتا ہے جو ایپل کے مقرر کردہ ڈسٹریبیوٹرز چلاتے ہیں۔ (فوٹو: دراز ایپ پاکستان)

اس کے ساتھ ایپل کی نئی کمپیوٹنگ مصنوعات جیسے ایم 5 میک بک ایئر اور میک بک نیو سیریز بھی پلیٹ فارم پر پیش کی جا رہی ہیں۔
دراز نے اس لانچ کے موقع پر ’ایپل سپر برانڈ ڈے‘ مہم کا بھی اعلان کیا ہے جو 2 جون کو منعقد ہو گی۔ اس دوران مختلف ایپل مصنوعات پر خصوصی آفرز، رعایتیں اور فنانسنگ آپشنز فراہم کیے جائیں گے۔
اس نئے آفیشل سٹور کی ایک نمایاں خصوصیت مختلف بینکوں کے ذریعے اقساط پر خریداری کی سہولت بھی ہے۔

دراز ایپ پر ڈلیوری، سیلف پک اپ، دو سال کی وارنٹی اور 14 دن کی ریٹرن پالیسی بھی دی گئی ہے۔ (فوٹو: دراز ایپ پاکستان)

تفصیلات کے مطابق بعض ایپل ڈیوائسز، جیسے آئی فون ایئر 256 جی بی، پر سٹینڈرڈ چارٹرڈ بینک کے ذریعے 3، 6 اور 12 ماہ کی زیرو فیصد اقساط دستیاب ہیں۔
اقساط کی مالیت تقریباً ایک لاکھ 32 ہزار 666 روپے برائے تین ماہ، 66 ہزار 333 روپے برائے چھ ماہ اور 33 ہزار 167 روپے برائے 12 ماہ رکھی گئی ہے، تاہم اس پر پراسیسنگ فیس اور دیگر سرکاری ٹیکسز بھی لاگو ہوں گے۔

دراز ایپ پر مختلف پاکستانی بینکس کے ذریعے صارفین ایپل مصنوعات کی اقساط بھی کروا سکتے ہیں۔ (فوٹو: دراز ایپ پاکستان)

دراز نے بینک الفلاح، فیصل بینک، عسکری بینک اور ایم سی بی سمیت دیگر مالیاتی اداروں کے ساتھ بھی شراکت داری کی ہے تاکہ صارفین کو آسان اقساط پر خریداری کی سہولت فراہم کی جا سکے۔
اس کے علاوہ منتخب علاقوں میں نیکسٹ ڈے ڈیلیوری، دو سالہ آفیشل وارنٹی اور 14 روزہ ریٹرن پالیسی جیسی سہولیات بھی فراہم کی جا رہی ہیں۔
ماہرین کے مطابق دراز پر ایپل کے آفیشل فلیگ شپ سٹور کے آغاز سے پاکستان میں پریمیم الیکٹرانکس مارکیٹ کو مزید فروغ مل سکتا ہے جبکہ ایپل مصنوعات کی آن لائن رسائی اور صارفین کا اعتماد بھی بڑھنے کا امکان ہے۔

شیئر: