سعودی ریزرو کے آسمان پر رواں ماہ کے دوران مختلف فلکیاتی واقعات
9 جون کو سیارہ زہرہ اور مشتری کو ایک ساتھ دیکھا گیا ( فوٹو: ایس پی اے)
امام ترکی بن عبداللہ رائل ریزرو کے آسمان پر جون کے دوران مختلف فلکیاتی واقعات رونما ہوں گے۔ یہ نظارے فلکیات سے دلچسپی رکھنے والوں، آسمانی اجسام کا مشاہدہ اور ان کی فوٹوگرافی کے شوقین افراد کو متوجہ کریں گے۔
سعودی خبررساں ایجنسی کے مطابق وسیع صحرائی علاقے اور روشنی کی آلودگی سے نسبتا صاف فضا کے باعث یہ ریزرو فلکیاتی مظاہر کے مشاہدے کے لیے ایک مثالی مقام سمجھا جاتا ہے، خصوصا صحرائے نفود الکبیر میں ’ڈارک سکائی‘ کا مقام جو ریزرو کے نمایاں فلکیاتی مشاہداتی مراکز میں شمار ہوتا ہے۔
اس کا سلسلہ 7 جون کو ’ایریز ڈے ٹائم میٹیورشاور‘ سے شروع ہوا بعد ازاں 8 جون کو چاند اپنے ’لاسٹ کواٹر‘ کے مرحلے میں داخل ہوا۔ 9 جون کو سیارہ زہرہ اور مشتری کو ایک ساتھ دیکھا گیا، جس نے آسمان پر ایک دلکش منظر پیش کیا۔
15 جون کو ’محاق‘ (نیومون) ہوگا، جبکہ 16 سے 18 جون کے درمیان چاند کے ساتھ زہرہ سیارہ ، مشتری اور عطارد ایک ہی منظر میں نمایاں ہوں گے۔

ماہرین کے مطابق یہ منظر صحرائے نفود الکبیر کے ’ڈارک سکائی‘ مقام سے مشاہدے کے لیے بہترین موقع فراہم کرے گا۔
ڈارک سکائی سائٹ عظیم صحرائے نفود میں ہے جو انٹرنیشنل ڈارک سکائی ایسوسی ایشن سے تسلیم شدہ ہے۔ یہ مملکت میں سب سے کم روشنی سے آلودہ مقامات میں سے ایک ہے۔

یہ مقام اپنی وسیع و عریض صحرائی حدود اور مصنوعی روشنی کی انتہائی کم سطح کے باعث آسمانی اجسام کے مشاہدے کے لیے مثالی ماحول فراہم کرتا ہے۔
