ریڈ سی فلم فیسٹیول میں سعودی سینما کا ٹیلنٹ نمایاں، نئی فلمیں پیش
فیسٹیول میں ، سعودی ،عرب اور غیرملکی فلمیں دکھائی جا رہی ہیں،( فوٹو: ایکس اکاونٹ)
ریڈ سی انٹرنیشنل فلم فیسٹیول جدہ میں جاری ہے جو خطے اور دنیا بھر سے نامور فلم سازوں کو اپنی جانب متوجہ کررہا ہے۔
سعودی پریس ایجنسی ایس پی اے کے مطابق رواں برس کے فیسٹیول میں عرب اور غیرملکی فلمیں دکھائی جا رہی ہیں، ساتھ ہی سیمینار، ورک شاپس اور ثقافتی و موسیقی کے پروگرام بھی رکھے گئے ہیں۔
ان سب کا مقصد سعودی عرب میں فلم سازی کی صلاحیتوں کو بڑھانا اور جدہ کو فلموں کا اہم مرکز بنانا ہے۔
یہ جامع لائحہ عمل مملکت میں سنیما کے فنکارانہ ہنر کی ترقی میں مدد دیتا ہے اور جدہ کو فلم سازی کے ایک علاقائی مرکز کے طور پر مزید مستحکم کرتا ہے۔
فیسٹیول میں تین نئی سعودی فلموں کے ساتھ ساتھ سعودی مختصر فلمیں بھی پیش کی گئیں۔

اس سال کے فیسٹیول میں 35 سعودی فلمیں شامل ہیں، جن میں سے 21 مختصر فلمیں ’نیو سعودی سینما‘ سیکشن میں پیش کی جائیں گی جو مقامی فلم سازوں کی تنوع، تجربات اور بڑھتی ہوئی اعتماد کی عکاسی کرتی ہیں۔
ریڈ سی فنڈ نے اب تک 67 سے زائد سعودی فلمی منصوبوں کی مدد کی ہے، جس سے کئی فلمیں عالمی شہرت یافتہ فیسٹیولز جیسے کینز، وینس، ٹورنٹو اور سنڈانس تک پہنچیں۔

یاد رہے فیسٹیول کا آغاز چار دسمبر سے ہوا جو 13 دسمبر تک جدہ کے تاریخی علاقے البلد میں جاری رہے گا۔ رواں برس ریڈ سی انٹرنیشنل فلم فیسٹیول کا موضوع ’فار دا لو آف سینما‘ ہے۔
دس روزہ فیسٹیول کے دوران، آڈیئنس کو 70 سے زیادہ ممالک کی 100 سے زائد فلمیں دیکھنے کو ملیں گی، جن میں عالمی پریمیئرز، علاقائی آغاز اور بین الاقوامی فیچرز، دستاویزی فلمیں، اینیمیشن اور شارٹ فلمیں شامل ہیں۔
