سمر سیزن: سعودی وزیر سیاحت موسمِ گرما کی تعطیلات کہاں گزار رہے ہیں؟
سمر سیزن: سعودی وزیر سیاحت موسمِ گرما کی تعطیلات کہاں گزار رہے ہیں؟
ہفتہ 4 جولائی 2026 0:04
سعودی وزیر سیاحت احمد الخطیب اپنے اہل خانہ کے ہمراہ ریڈ سی کے جزیرہ شوریٰ پر موسمِ گرما کی تعطیلات گزار رہے ہیں جو مملکت کے جدید ترین سیاحتی مقامات میں شمار ہوتا ہے۔
اخبار 24 کے مطابق وزیر سیاحت نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جزیرہ شوریٰ پہنچنے پر تصاویر شیئر کرتے ہوئے لکھا ’ہم بحیرۂ احمر کے شوریٰ جزیرے پر پہنچ گئے ہیں، میں اہل خانہ کے ساتھ دنیا کے منفرد ترین ریزوٹس میں تعطیلات گزاروں گا۔‘
وزیر سیاحت کی جانب سے شیئرکی گئی تصاویر میں سے ایک میں وہ اپنے بچوں کے ہمراہ ریڈ سی کے ’ادرینا ایڈونچر زون‘ میں نظر آئے جہاں مہم جوئی، تفریح اور دریافت پر مبنی سرگرمیوں کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔
ریڈ سی منصوبہ سعودی عرب کے نمایاں سیاحتی منصوبوں میں شامل ہے جس میں قدرتی جزیروں اور عالیشان ریزورٹس بنائے گئے ہیں۔ منصوبے کا مقصد عالمی معیار کی ایسی سیاحتی سہولیات فراہم کرنا ہے جو ماحولیاتی پائیداری اور تفریح کو یکجا کرتے ہوئے مملکت کو دنیا کے ممتاز سیاحتی مقامات میں شامل کریں۔
شوریٰ جزیرے میں بنائے گئے ریزورٹس کو اس انداز میں تعمیر کیا گیا ہے کہ وہ قدرتی ماحول سے ہم آہنگی برقرار رکھیں۔ مثالی اور جدید تعمیری انداز نے ان تفریحی ریزوٹس کو انفرادیت عطا کی ہے۔
جزیرہ شوریٰ کی بناوٹ ڈولفن سے مشابہ ہے (فوٹو: ایکس اکاؤنٹ)
شوریٰ جزیرہ اپنی بناوٹ میں ڈولفن سے مشابہ ہے اور یہ بحیرۂ احمر کی سیاحتی منصوبے کا مرکزی جزیرہ ہے۔ اس کا ڈیزائن اردگرد موجود مرجانی چٹانوں سے متاثر ہو کر تیار کیا گیا ہے۔ جزیرے کو عالمی شہرت یافتہ تعمیراتی فرم فوسٹراینڈ پارٹنرز نے ’کورل بلوم ‘ کے تصور کے تحت ڈیزائن کیا ہے۔