چھتری نما درخت نے جازان کی خوبصورتی میں اضافہ کر دیا
یہ درخت، جو طولِ عمر کی وجہ سے بھی شہرت رکھتا ہے (فوٹو: ایس پی اے)
جیسے جیسے جازان سیاحت کے شوقین افراد کی توجہ اپنے پارکس اور پانی کے کنارے تفریحی مقامات کی طرف کرنے کے لیے اِن کی تعمیر و ترقی میں مصروف ہے، علاقے کے سیاحتی منظرنامے میں ٹرمینیلیا (شجر المظلہ) کی اہمیت، جسے چھتری نما درخت بھی کہتے ہیں، تیزی سے بڑھ رہی ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق یہ درخت، جو طولِ عمر کی وجہ سے بھی شہرت رکھتا ہے، علاقے میں سیاحوں کے لیے ایک بنیادی اہمیت کی حیثیت اختیار کر گیا ہے۔ اِس درخت کی تہہ در تہہ شاخیں بلندی کے بجائے زیادہ طرح دائیں بائیں پھیلتی ہیں اور قدرتی طور پر عوامی چوراہوں اور باغات کو سایہ دار بنانے میں خوب تعاون فراہم کرتی ہیں۔
یہ درخت، موسمیاتی تبدیلیوں اور نشو ونما میں درپیش مشکل حالات کا آسانی سے مقابلہ کرنے کی صلاحیت سے مالا مال ہے۔ ٹرمینیلیا متنوع موسمیاتی حالات میں پھلتا پھولتا رہتا ہے۔ یہ گہری وادیوں اور نمکیات والی پانیوں سے لبریز مٹی میں بھی قائم رہتا ہے۔
اس پر آنے والے پھولوں میں ایک مخصوص خوشبو پائی جاتی ہے جن سے مقامی حیاتیاتی تنوع کو فائدہ پہنچتا ہے۔
حالات کے مطابق خود کو ڈھال لینے والا یہ درخت، آب و ہوا میں اعتدال کا سبب بنتا ہے، ہوا کی کوالٹی کو بہتر بناتا ہے اور جازان میں تفریحی مقامات کی دلکشی میں اضافے کا سبب ہے۔
