جازان میں المرخ کا پودا ’خشک سالی میں اونٹوں کے لیے غذا کا ایک اہم ذریعہ‘
المرخ، جازان کے علاقے میں نباتاتی تنوع کا ایک حصہ ہے (فوٹو: ایس پی اے)
صحرائی نباتات میں المرخ کا پودا، جازان ریجن، خاص طور پر یہاں کے میدانی اور ساحلی علاقوں اور وادیوں میں سب سے نمایاں حیثیت رکھتا ہے۔
یہ ماحولیات سے متعلق ایک ایسے اہم پہلو کی نمائندگی بھی کرتا ہے جو مقامی ماحولیاتی نظام میں ثقافتی ورثے اور روایتی استعمال سے وابستہ ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق المرخ، انتہائی نامساعد موسمی حالات کے باوجود خود کو آب و ہوا کی سختیوں کے مطابق ڈھال لینے کی وجہ سے پہچانا جاتا ہے۔
یہ پودا خشک اور ریتیلی مٹی میں اپنی نشونما کے نظام کی وجہ سے امراض کا شکار نہیں ہوتا کیونکہ اس کی جڑیں پانی کی تلاش میں بہت نیچے تک سرایت کر جاتی ہیں۔
المرخ ریتیلی مٹی کو مضبوطی دے کر اور مستحکم بنا کر ایک بنیادی ماحولیاتی کردار بھی ادا کرتا ہے اور ریت کو جگہ جگہ پھیلنے سے روکنے کے کام آتا ہے۔ اس کے علاوہ خشک سالی میں المرخ، اونٹوں کے لیے غذا کا ایک اہم ذریعہ بن جاتا ہے۔
المرخ، جازان کے علاقے میں نباتاتی تنوع کا ایک حصہ ہے اور اس ضرورت کو نمایاں کرتا ہے کہ ماحولیاتی اہمیت کے باعث اس پودے کے بارے میں آگاہی میں اضافہ ہوتا رہے۔

ساتھ ساتھ المرخ کو نباتات کے ایک قدرتی حصے کے طور پر تحفظ دینے اور علاقے میں سبزے کو مزید زرخیز بنانے کی اہمیت بھی اجاگر ہوتی ہے۔
