سیاحت مزید آسان: سعودی عرب کی نئی ’ٹورازم پیکج ویزہ‘ سروس
2025 میں غیرملکی سیاحوں کی تعداد 29 ملین رہی ہے (فوٹو: عرب نیوز)
سعودی وزارتِ سیاحت نے ’ٹورازم پیکج ویزہ‘ سروس کے تجرباتی مرحلے کا آغاز کیا ہے۔ ابتدائی طور پر مخصوص مارکیٹ کے لیے یہ سروس شروع کی جا رہی ہے۔
ایس پی اے کے مطابق وزیر سیاحت احمد الخطیب نے کہا کہ ’ٹورازم پیکج ویزہ‘ وزارت سیاحت، خارجہ اور وزارت داخلہ و انشورنس اتھارٹی کے تعاون سے شروع کیا گیا ہے، جو مملکت آنے والے سیاحوں کے سفری تجربے کو مزید بہتر بنانے کی جانب اہم پیش رفت ہے۔
’اس سروس کے ذریعے مملکت آنے والے سیاحوں کو بہتر سفری سہولتیں فراہم کرنے کے ساتھ ٹریول اینڈ ٹورازم سیکٹر کے اشتراک سے جامع سفری پیکج تیار کرنے کا موقع بھی فراہم کیا جائے گا۔‘
وزارت کے مطابق اس سروس سے سیاحوں کو سفری منصوبہ بندی کے لیے تمام امور ایک ہی جگہ میسر آئیں گے، ان میں ویزے کا حصول، ٹکٹ اور ہوٹل بکنگ شامل ہیں۔
جاری سرکاری اعداد وشمار کے مطابق گزشتہ برس 2025 میں بیرون ملک سے سعودی عرب آنے والے سیاحوں کی تعداد 29 ملین رہی ہے۔
