بلوچستان: واشک میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ، پنجاب سے تعلق رکھنے والے 5 افراد قتل
اتوار 12 جولائی 2026 15:38
بلوچستان کے ضلع واشک میں نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کرکے پنجاب سے تعلق رکھنے والے پانچ افراد کو قتل کردیا۔
ڈپٹی کمشنر واشک مجید سرپرہ نے اردو نیوز کو بتایا کہ واقعہ اتوار کو ایرانی سرحد سے متصل واشک کے علاقے ماشکیل میں پیش آیا۔
ڈپٹی کمشنر کے مطابق مسلح افراد نے دُکانوں پر فائرنگ کی جہاں پنجابی مزدور کام کرتے تھے۔
انہوں نے بتایا کہ فائرنگ کے نتیجے میں پانچ افراد جان سے گئے۔ پانچوں کا تعلق پنجاب کے مختلف علاقوں سے تھا۔ فائرنگ کے بعد حملہ آور فرار ہوگئے۔
ضروری کارروائی کے بعد مقتولین کی لاشیں آبائی علاقوں کو روانہ کی جا رہی ہیں۔
واقعے میں کالعدم بلوچ مسلح تنظیموں کے ملوث ہونے کا شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے جو اس سے قبل بھی اس طرز کی وارداتوں کی ذمہ داری قبول کرتی رہی ہے، تاہم تازہ واقعہ کی ذمہ داری تاحال کسی تنظیم نے قبول نہیں کی۔
