کویت سٹی میں زوردار دھماکوں کی آوازیں، ’فضائی حملوں کو ناکام بنا رہے ہیں‘
منگل 14 جولائی 2026 20:15
کویت سٹی میں منگل کو زوردار دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔ کویتی فوج نے آدھے گھنٹے سے بھی کم وقت میں دو مرتبہ اعلان کیا کہ اس کا فضائی دفاعی نظام ’دشمن کے فضائی اہداف‘ کو کامیابی سے نشانہ بنا رہا ہے۔
’کویتی فوج کے جنرل سٹاف نے اپنے بیان میں بتایا کہ ’دھماکوں کی آوازیں ملکی فضائی دفاعی نظام کی جانب سے دُشمن کے حملوں کو روکنے اور اُس کے اہداف کو تباہ کرنے کی وجہ سے سنائی دیں۔‘
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق کویتی فوج کے جنرل سٹاف نے اس بیان میں فوری طور پر یہ نہیں بتایا کہ حملہ کس نوعیت کا تھا یا اس کے پیچھے کون تھا۔
حالیہ دنوں میں ایران، امریکی حملوں کے جواب میں کویت اور خطے میں امریکہ کے دیگر خلیجی اتحادی ممالک پر متعدد حملے کر چکا ہے۔
مشرقِ وسطیٰ میں حالیہ کشیدگی میں اس وقت اضافہ ہوا جب ایران کی جانب سے آبنائے ہرمز میں تجارتی بحری جہازوں کو نشانہ بنایا گیا۔
آبنائے ہرمز میں تجارتی بحری جہازوں پر ایرانی حملوں کے بعد امریکہ نے ایران کے متعدد اہداف کو نشانہ بنانا شروع کیا جس کے بعد دونوں اطراف سے ایک دوسرے پر حملوں کا سلسلہ تیز ہو گیا۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق منگل کو ہونے والے حملے میں کسی جانی یا بڑے مالی نقصان کی فوری اطلاع موصول نہیں ہوئی۔