رابطۂ عالم اسلامی کے سیکریٹری جنرل کی اسلام آباد میں چیئرمین سینیٹ سے ملاقات
ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسی نے اپنے خطاب میں کئی فکری اور انسانی مسائل پر گفتگو کی (فوٹو: ایس پی اے)
رابطہ عالم اسلامی کے سیکریٹری جنرل اور آرگنائزیشن آف مسلم سکالرز کے چیئرمین ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسیٰ نے اپنے دورہ اسلام آباد میں چیئرمین سینیٹ آف پاکستان یوسف رضا گیلانی سے ملاقات کی ہے۔
سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق اس ملاقات میں سینیٹ کے سینیئر عہدیداروں سمیت پاکستانی سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں نے شرکت کی جہاں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسی نے اپنے خطاب میں کئی فکری اور انسانی مسائل پر گفتگو کی۔ انہوں نے عوام میں بات چیت اور باہمی ہم آہنگی کی اہمیت پر زور دیا جبکہ اس کے علاوہ انہوں نے اعتدال پسندی اور رواداری کے اقدار کو بھی آگے بڑھانے پر زور دیا۔
اپنے دورے کے دوران محمد بن عبدالکریم العیسیٰ نے چیف جسٹس آف پاکستان یحییٰ آفریدی سے بھی ملاقات کی۔
اس ملاقات کے دوران مذہبی رواداری اور سماجی ہم آہنگی کو مضبوط بنانے سے متعلق فکری اور قانونی معاملات پر گفتگو کی گئی تاکہ ملک میں استحکام کو بڑھایا جا سکے اور معاشرے کے مختلف طبقات کے درمیان انصاف اور باہمی ہم آہنگی کے اصولوں کو مزید پختہ کیا جا سکے۔
