Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈور پلانٹس: خوبصورتی سے بڑھ کر صحت اور ماحول کے لیے فوائد

آرائش و سجاوٹ کے لیے بنیادی عنصر کی حیثیت اختیار کر چکے ہیں۔( فوٹو: ایس پی اے)
گھروں کے اندر رکھنے والے پودے، گھروں اور دفتروں میں رنگ و رعنائی کا باعث بنتے ہیں اور خوبصورتی میں اضافہ کرتے ہوئے ماحول کو نہ صرف پرُسکون بناتے ہیں بلکہ ذہنی صحت اور زندگی کے مجموعی معیارِ زندگی کو بھی بہتر کرتے ہیں۔ یہ پودے گھروں اور دفتروں کی آرائش و سجاوٹ کے لیے بنیادی عنصر کی حیثیت اختیار کر چکے ہیں۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق گھروں کے اندر رکھے جانے والے پودے، جمالیاتی حُسن میں اضافے سے کہیں آگے بڑھ کر صحت اور ماحول کے لیے بھی بہت اہم فوائد لاتے ہیں۔
ڈاکٹر ناھد رشید، کنگ فیصل یونیورسٹی میں سجاوٹی پودوں کے بارے میں تدریس سے وابستہ پروفیسر ہیں۔
انھوں نے وضاحت کرتے ہوئے بتایا کہ گھروں کے اندر پودے، کاربن ڈائی اوکسائڈ اور خطرناک نامیاتی مرکبات کو جذب کر کے ہوا کو صاف کرتے ہیں۔ ہوا میں ایسی آلودگیاں، دیوار و در پر ہونے والے پینٹ، فرنیچر اور گھر کی صفائی کے دوران ہوا میں شامل ہو جاتی ہیں۔
ڈاکٹر ناھد کہتی ہیں کہ سجاوٹی پودوں کو براہِ راست دھوپ میں نہیں رکھنا چاہیے بلکہ اُنھیں ایسی جگہوں پر لے جائیں جو کھلی ہوں اور جہاں سورج کی روشنی اِن پودوں کے آس پاس پڑتی ہو۔

وہ بتاتی ہیں کہ اِن ڈور پودوں کو متعدل مقدار میں پانی کی ضرورت ہوتی ہے اور مشورہ دیتی ہیں کہ وقتاً فوقتاً  اِن کے پتوں سے گرد جھاڑنی چاہیے اور جب پودے پھل پھول رہے ہوں تو کھاد کا استعمال کرنا چاہیے۔
کنگ فیصل یونیورسٹی ہی میں ذہنی صحت کے ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر منتصر محمد کہتے ہیں کہ نفسیاتی نقطۂ نگاہ سے دیکھیں تو گھروں میں رکھے ہوئے آرائشی پودے ذہنی سکون پیدا کرتے ہیں، گھبراہٹ اور ذہنی دباؤ میں کمی لاتے ہیں، موڈ کو بہتر بناتے ہیں اور کسی بات یا کام پر توجہ مرکوز کرنے میں مدد کا باعث بنتے ہیں۔
 مختلف سڈیز ظاہر کرتی ہیں کہ اندرونی آرائش کے نبات،  فشارِ خون (بلڈ پریشر) کو کم رکھنے میں بھی فائندے مند ثابت ہوئے ہیں اور ذہنی تھکاوٹ ہو تو ترواٹ کا کام دیتے ہیں۔

مقامی نرسریاں اور مشرقی ریجن میں پودوں کے آن لائن سٹورز میں گھروں کے اندر سجاوٹی پودے رکھنے اور سبز آرائش کے لیے مانگ کافی بڑھ گئی ہے جو اِس بات کو ظاہر کرتی ہے کہ لوگوں میں اِس اہم معاملے پر آگاہی تیزی سے پھیل رہی ہے۔
عوام میں اِس نوعیت کا شعور بیدار کرنا سعودی وژن 2030 کے مقاصد کے عین مطابق ہے جن میں ماحول کو پائیدار بنانا شامل ہے۔

مختلف دکانوں اور آن لائن سٹورز پر اندرونی آرائش و سجاوٹ کے لیے جن پودوں کی طلب اور مقبولیت زیادہ ہے اُن میں (پِیس للی)، سپائڈر پلانٹ، ربر پلانٹ، سنیک پلانٹ اور کیکٹس کی مختلف قسمیں شامل ہیں۔ اِن کے علاوہ ایلو ویرا کی مانگ بھی بہت زیادہ ہے۔

 

شیئر: