پورے ورلڈ کپ میں صرف ایک مگر فیصلہ کُن گول کرنے والے فیرن توریس کون ہیں؟
پورے ورلڈ کپ میں صرف ایک مگر فیصلہ کُن گول کرنے والے فیرن توریس کون ہیں؟
پیر 20 جولائی 2026 10:50
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
فیرن توریس نے پورے فیفا ورلڈ کپ میں صرف ایک گول کیا اور وہ بھی فائنل میچ میں (فوٹو: اے ایف پی)
فیفا ورلڈ کپ 2026 کے فائنل میں اگر ایک لمحہ سپین کی تاریخ میں ہمیشہ کے لیے محفوظ ہو گیا تو وہ اضافی وقت کے 106ویں منٹ میں فیرن توریس کا کیا گیا فیصلہ کن گول تھا۔ بارسلونا کے اس فارورڈ نے بینچ سے میدان میں آنے کے بعد نیکو ولیمز کے ہیڈر پر پہلے ہی ٹچ میں فٹبال کو جال میں پہنچا کر ارجنٹائن کے خلاف سپین کو 1-0 سے فتح دلائی۔
یہ توریس کا پورے ٹورنامنٹ میں پہلا گول تھا، مگر وہی گول سپین کو دوسری مرتبہ ورلڈ کپ کا تاج پہنانے کے لیے کافی ثابت ہوا۔ فائنل میں انہوں نے ایک اسسٹ بھی اپنے نام کی، یوں ٹورنامنٹ میں ان کے اعداد و شمار ایک گول اور ایک اسسٹ رہے، لیکن دونوں مواقع انتہائی فیصلہ کن ثابت ہوئے۔
ای ایس پی این کے مطابق کامیابی کے بعد فیرن توریس نے کہا کہ ’آخر میں یہ گول صرف ہم نے نہیں بلکہ سپین کے تقریباً 4 کروڑ 70 لاکھ لوگوں نے مل کر کیا۔ آج تقدیر میں ہماری جیت لکھی جا چکی تھی۔ ہم اپنے ملک سے بہت دور تھے مگر کوشش یہی تھی کہ اپنے عوام کے زیادہ سے زیادہ قریب رہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ ’فائنل ہمیشہ مشکل ہوتے ہیں۔ جب سامنے لیونل میسی جیسا کھلاڑی ہو تو تشویش ضرور ہوتی ہے لیکن ہمیں اپنی ٹیم اور اپنے کھیل پر پورا یقین تھا۔‘
ٹورنامنٹ کے دوران تنقید کا سامنا کرنے والے توریس نے اپنے فیصلہ کن گول پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ’یہ میرے لیے بہت بڑا سکون تھا۔ پورے ٹورنامنٹ میں مجھ پر تنقید ہوئی مگر میں پہلے بھی کہہ چکا تھا کہ تقدیر میں یہی لکھا تھا۔ خدا ہمیشہ مجھے آگے بڑھنے کی طاقت دیتا ہے اور آخرکار وہی لوگوں کو ان کی محنت کا صلہ دیتا ہے۔‘
فیرن توریس کو اپنی پرفامنس کے باعث پورے ٹورنامنٹ میں شدید تنقید کا سامنا رہا (فوٹو: اے ایف پی)
فیرن توریس کون ہیں؟
فیرن توریس 29 فروری 2000 کو سپین کے شہر فوئیوس (ویلینشیا) میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے بچپن میں فٹسل کھیلنا شروع کیا جس کے بعد صرف سات سال کی عمر میں والینسیا کلب کی اکیڈمی کا حصہ بن گئے۔
ان کی ترقی انتہائی تیز رہی اور دسمبر 2017 میں انہوں نے ایبار کے خلاف لا لیگا میں ڈیبیو کیا۔ اس کے ساتھ ہی وہ 21ویں صدی میں پیدا ہونے والے پہلے فٹبالر بن گئے جنہوں نے لا لیگا میں کھیلنے کا اعزاز حاصل کیا۔
ویلینشیا کی پہلی ٹیم میں انہوں نے تین سیزن کے دوران 97 میچز کھیلے اور 9 گول کیے، جس کے بعد ان کی کارکردگی نے مانچسٹر سٹی اور کوچ پیپ گارڈیولا کی توجہ حاصل کی۔
فیرن توریس 29 فروری 2000 کو سپین کے شہر فوئیوس (ویلینشیا) میں پیدا ہوئے (فوٹو: اے ایف پی)
2020 میں وہ مانچسٹر سٹی منتقل ہوئے جہاں انہوں نے اپنے پہلے سیزن میں 30 میچز میں 11 گول کیے اور پریمیئر لیگ اور لیگ کپ جیتنے والی ٹیم کا حصہ رہے۔
دسمبر 2021 میں وہ بارسلونا منتقل ہوئے جہاں وہ مسلسل اہم کردار ادا کرتے رہے۔ سنہ 2024-25 کا سیزن ان کے کلب کیریئر کا بہترین سیزن ثابت ہوا جس میں انہوں نے 19 گول سکور کیے۔ اسی سیزن میں کوپا ڈیل رے کے فائنل میں ریال میڈرڈ کے خلاف مین آف دی میچ قرار پائے جبکہ چھ گول کے ساتھ ٹورنامنٹ کے ٹاپ سکورر بھی رہے۔
سپین کے لیے مسلسل کامیابیاں
فیرن توریس نے سپین کی نمائندگی کرتے ہوئے یورو 2020 میں دو گول کیے اور ٹیم کو سیمی فائنل تک پہنچانے میں مدد دی۔ قطر ورلڈ کپ 2022 میں بھی انہوں نے دو گول سکور کیے جبکہ یورو 2024 جیتنے والی ہسپانوی ٹیم کا بھی حصہ رہے۔
اب ورلڈ کپ 2026 کے فائنل میں ان کا فیصلہ کن گول انہیں سپین کی فٹبال تاریخ کے یادگار ترین کھلاڑیوں میں شامل کر چکا ہے۔
فیرن توریس 2024 میں یورو فائنل جیتنے والی سپین ٹیم کا بھی حصہ تھے (فوٹو: اے ایف پی)
توریس ’شارک‘ کیوں کہلاتے ہیں؟
فیرن توریس خود کو دی شارک کے لقب سے جوڑتے ہیں جو ان کے مطابق میدان میں جارحانہ سوچ اور مضبوط ذہنی صلاحیت کی علامت ہے۔
وہ ذہنی دباؤ سے نمٹنے کے لیے باقاعدگی سے ایک معالج (تھیراپسٹ) کے ساتھ کام کرتے ہیں، جہاں وہ ذہنی یکسوئی اور تصوراتی مشقیں (Visualisation Exercises) کرتے ہیں۔ وہ شارک کی تصویر والے خصوصی شن گارڈز بھی استعمال کرتے ہیں جو انہیں ایک مداح نے تحفے میں دیے تھے اور جنہیں وہ اپنی خوش قسمتی کی علامت سمجھتے ہیں۔
فٹبال کے علاوہ فیرن توریس جانوروں کی فلاح کے لیے بھی سرگرم ہیں۔ وہ وائلڈ ایٹ ہارٹ فاؤنڈیشن کے چیمپیئن ایمبیسیڈر ہیں اور آوارہ کتوں کی دیکھ بھال اور ان سے متعلق آگاہی مہمات میں حصہ لیتے ہیں۔ ان کے گھر میں دو ریسکیو ڈاگز، منی اور لونا بھی موجود ہیں۔
وہ ماحولیاتی تحفظ کے لیے کک آؤٹ پلاسٹک تنظیم کے ساتھ بھی کام کرتے ہیں، جس کا مقصد سنگل یوز پلاسٹک کے استعمال میں کمی لانا ہے۔ توریس کے مطابق وہ مصروف فٹبال شیڈول سے ذہنی سکون حاصل کرنے کے لیے اکثر اپنے کتوں کے ساتھ پہاڑی علاقوں میں طویل پیدل سفر کرتے ہیں۔
ورلڈ کپ 2026 کے فائنل میں صرف ایک گول نے فیرن توریس کو عالمی فٹبال کی تاریخ میں ایک خاص مقام دلایا اور وہ کھلاڑی جن پر پورے ٹورنامنٹ میں تنقید ہوتی رہی، آخرکار سپین کے لیے وہ لمحہ لے آئے جس کا انتظار پورا ملک کر رہا تھا۔