Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان میں پیٹرول مزید مہنگا، ڈیزل کی قیمت میں بھی مسلسل دوسرے روز اضافہ

اوگرا حکام کے مطابق ’پیٹرول اور ڈیزل کی نئی قیمتیں بدھ 22 جولائی کے لیے مقرر کی گئی ہیں‘ (فائل فوٹو: روئٹرز)
پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ جاری ہے، منگل کو حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں فی لیٹر 4 روپے 93 پیسے جبکہ ڈیزل کی قیمت میں جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 7 روپے 15 پیسے کا اضافہ کیا۔
منگل کی رات اوگرا کی جانب سے جاری کیے گئے نوٹیفیکیشن کے مطابق ’اضافے کے بعد پیٹرول کی فی لیٹر نئی قیمت 320 روپے 73 پیسے ہو گئی ہے جبکہ اس سے قبل یہ 315 روپے 80 پیسے کے حساب سے فروخت ہو رہا تھا۔‘
اسی نوٹی فیکیشن میں بتایا گیا ہے کہ ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 7 روپے 15 پیسے اضافے کے بعد اس کی نئی قیمت 367 روپے 21 پیسے مقرر کی گئی ہے۔‘
واضح رہے کہ اس سے قبل ہائی سپیڈ ڈیزل فی لیٹر 360 روپے 06 پیسے کے حساب سے فروخت کیا جا رہا تھا۔
اوگرا حکام کے مطابق ’پیٹرول اور ڈیزل کی نئی قیمتوں کا اطلاق منگل اور بدھ کی درمیانی رات 12 بجے سے ہوگیا ہے اور یہ قیمتیں صرف بدھ 22 جولائی کے لیے مقرر کی گئی ہیں۔‘
دوسری جانب پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں روزانہ کی بنیاد پر ردوبدل کی پالیسی پر حکومت اور آل پاکستان پیٹرول پمپ اونرز ایسوسی ایشن کے درمیان مذاکرات ناکام ہوگئے ہیں۔
مذاکرات کی ناکامی کے بعد آل پاکستان پیٹرول پمپ اونرز ایسوسی ایشن نے بدھ اور جمعرات کی درمیانی رات 12 بجے سے ملک گیر ہڑتال اور پیٹرول پمپس بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔
آل پاکستان پیٹرول پمپ اونرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین ہمایوں خان، وائس چیئرمین نعمان علی بٹ اور دیگر صوبائی عہدیداروں نے وفاقی وزیرِ پیٹرولیم علی پرویز ملک سے مذاکرات کیے، تاہم منگل کو ہونے والے یہ مذاکرات کسی نتیجے پر پہنچے بغیر ختم ہوگئے۔

شیئر: