Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’آئی فون 18‘ کی ریلیز کی تاریخ نے موبائل مارکیٹ میں مقابلے کی فضا گرم کر دی

ستمبر کے آغاز میں آئی فون کی لانچ ایپل کی برسوں پرانی حکمت عملی کا حصہ ہے (فائل فوٹو: گیٹی)
مشہور ٹیکنالوجی کمپنی ’ایپل‘ کی جانب سے ’آئی فون 18 پرو‘ سیریز کی متوقع لانچ تاریخ نے حریف سمارٹ فون کمپنیوں کے لیے پہلے ہی مشکلات پیدا کر دی ہیں۔
’فوربز‘ کے مطابق ’ایپل آئی فون 18 پرو‘ اور ’آئی فون 18 پرو میکس‘ کو آئندہ ماہ کی نو تاریخ کو متعارف کرا سکتا ہے۔
ستمبر کے آغاز میں آئی فون کی لانچ ایپل کی برسوں پرانی حکمت عملی کا حصہ ہے، جس کے باعث ’سام سنگ‘، ’گوگل‘ اور دیگر اینڈرائیڈ کمپنیوں کو اپنے نئے فلیگ شپ فونز کی رونمائی کا شیڈول ایڈجسٹ کرنا پڑتا ہے تاکہ وہ ایپل کی بھرپور میڈیا کوریج اور مارکیٹنگ کے اثرات سے بچ سکیں۔
رواں سال برلن میں ہونے والی آئی ایف اے ٹیکنالوجی نمائش چار سے آٹھ ستمبر تک جاری رہے گی، جبکہ آئی فون 18 پرو کی متوقع رونمائی اس کے فوراً بعد ہو سکتی ہے۔ ماہرین کے مطابق ایپل کی لانچ تقریب ایک بار پھر دیگر سمارٹ فون کمپنیوں کی نئی مصنوعات سے میڈیا کی توجہ ہٹا سکتی ہے۔
دوسری جانب ’سام سنگ‘ اور ’گوگل‘ پہلے ہی اپنی نئی ڈیوائسز کی لانچ کے اوقات میں تبدیلیاں کرتے رہے ہیں تاکہ ان کی مصنوعات کو آئی فون کی آمد سے قبل مارکیٹ میں جگہ اور توجہ حاصل ہو سکے۔ تاہم ’آئی فون 18 پرو‘ کی متوقع لانچ کے بعد ایک مرتبہ پھر ایپل کو پریمیم سمارٹ فون مارکیٹ میں ’لاسٹ موور ایڈوانٹیج‘ حاصل ہونے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
رپورٹس کے مطابق ’آئی فون 18 پرو‘ سیریز کی قیمت میں بھی اضافہ ہو سکتا ہے اور ممکنہ طور پر قیمت سو سے 200 ڈالر تک بڑھائی جا سکتی ہے۔ میموری اور سٹوریج چپس کی قیمتوں میں اضافے اور سپلائی کے مسائل کو اس کی ایک اہم وجہ قرار دیا جا رہا ہے۔ تاہم ’سام سنگ‘ اور ’گوگل‘ کی جانب سے پہلے ہی اپنے بعض نئے سمارٹ فونز کی قیمتوں میں اضافے کے باعث ’ایپل‘ کو ممکنہ قیمت بڑھانے میں نسبتاً آسانی ہو سکتی ہے، کیونکہ صارفین سمارٹ فون مارکیٹ میں بڑھتی قیمتوں کے رجحان سے پہلے ہی واقف ہیں۔

ایپل کی ستمبر میں مستقل لانچ حکمت عملی اب سمارٹ فون انڈسٹری میں ایک مضبوط برتری بن چکی ہے (فائل فوٹو: گیٹی)

شمالی امریکہ میں آئی فون کی ستمبر میں لانچ کی حکمت عملی موبائل کمپنیوں کے کنٹریکٹ اور اپ گریڈ سائیکل کے ساتھ بھی مطابقت رکھتی ہے۔ اس دوران کیریئرز کی جانب سے آئی فون کے لیے خصوصی آفرز اور مارکیٹنگ مہمات دیگر اینڈرائیڈ فلیگ شپ فونز کی تشہیر کو متاثر کر سکتی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق ایپل کی ستمبر میں مستقل لانچ حکمت عملی اب سمارٹ فون انڈسٹری میں ایک مضبوط برتری بن چکی ہے، اور حریف کمپنیوں کے لیے ہر سال آئی فون کی آمد سے قبل یا بعد میں اپنی نئی ڈیوائسز کو مؤثر انداز میں مارکیٹ کرنا ایک بڑا چیلنج بنتا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ ’آئی فون 18 پرو‘ کی لانچ تاریخ اور قیمت سے متعلق یہ تمام تفصیلات فی الحال رپورٹس اور اندازوں پر مبنی ہیں، ایپل کی جانب سے باضابطہ اعلان ابھی نہیں کیا گیا۔

 

شیئر: