Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

چیئرمین سعودی پاک مشترکہ بزنس کونسل کی وزیرِاعظم شہباز شریف سے ملاقات

وزیرِاعظم شہباز شریف سے سعودی پاک مشترکہ بزنس کونسل کے چیئرمین شہزادہ منصور بن محمد آل سعود کی قیادت میں اعلٰی سطح کے سعودی کاروباری وفد نے منگل کو وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں ملاقات کی۔
وزیرِاعظم آفس کے مطابق ملاقات کے دوران شہباز شریف نے شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دیرینہ تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے دونوں برادر ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون اور سرمایہ کاری کے فروغ کے مختلف امکانات پر تبادلہ خیال کیا۔
سعودی وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان کے وژن کے مطابق پاکستان سعودی عرب کے ساتھ اپنے اقتصادی تعلقات کو باہمی مفاد پر مبنی سٹریٹجک اقتصادی شراکت داری میں تبدیل کرنے کا خواہاں ہے۔
اس حوالے سے وزیراعظم نے شہزادہ منصور بن محمد کے پاکستان کے سابقہ دوروں کا بھی ذکر کیا اور امید ظاہر کی کہ ان کا موجودہ دورہ گذشتہ بات چیت کو آگے بڑھانے اور مختلف شعبوں میں مفاہمتی یادداشتوں اور معاہدوں پر دستخط کی راہ ہموار کرے گا۔
شہزادہ منصور بن محمد نے زراعت، بندرگاہوں، شاہراہوں، ہوائی اڈوں کی آؤٹ سورسنگ، ریئل اسٹیٹ، توانائی، بجلی کی تقسیم اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع میں دلچسپی کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے ان ترجیحی شعبوں میں سعودی سرمایہ کاری کی دلچسپی کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ ’دونوں ممالک کے درمیان مشترکہ تعاون، خواہ حکومت سے حکومت ہو یا کاروبار سے کاروبار کے لیے یہ بہترین اور موزوں ترین وقت ہے۔
شہزادہ منصور بن محمد نے پرتپاک استقبال پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور پاکستان کے ساتھ کاروباری روابط کو مزید گہرا کرنے میں سعودی حکومت اور سعودی کاروباری برادری کی مسلسل دلچسپی کا اعادہ کیا۔ 
سعودی وفد اپنے دورۂ پاکستان کے دوران متعدد اعلٰی حکومتی نمائندوں اور نجی شعبے کے اہم سٹیک ہولڈرز سے بھی ملاقاتیں کرے گا۔
 

شیئر: