Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی کابینہ: آبنائے ہرمز اور باب المندب کو کُھلا رکھنے کی ضرورت پر زور

شاہ سلمان کی زیر صدارت اجلاس میں علاقائی صورتحال کا جائزہ لیا گیا( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی کابینہ نے منگل کو آبنائے ہرمز، باب المندب اور دیگر آبی گزر گاہوں کو کھلا اور محفوظ رکھنے کی ضرورت اور علاقائی کشیدگی کو کم کرنے کے لیے سفارتی کوششوں پر زور دیا ہے۔
کابینہ کا اجلاس جدہ میں شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی زیر صدارت ہوا، اجلاس میں علاقائی اور بین الاقوامی صورتحال، کشیدگی کو بڑھنے سے روکنے، جامع اور پائیدار سفارتی حل کی سپورٹ کے لیے سعودی عرب کی کوششوں کا جائزہ لیا گیا۔
ایس پی اے کے مطابق کابینہ نے فریڈم آف نیویگیشن اور شپنگ کے اہم راستوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کی اہمیت کا بھی اعادہ کیا۔
اجلاس نے ریاستی خود مختاری اور بین الاقوامی قانون کے احترام پر زور دیا جبکہ علاقائی تنازعات کو سیاسی اور سفارتی ذرائع سے حل کرنے کے حوالے سے مملکت کی سپورٹ کے موقف کو دہرایا۔
کابینہ نے سعودی ولی عہد اور فرانسیسی صدر کی ملاقات کو سراہا جس میں دونوں ملکوں کے تاریخی تعلقات اور سٹریٹیجک تعاون کو مزید مضبوط بنانے پراتفاق کیا گیا۔
اجلاس میں ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور فرانسیسی صدر میکخواں کی زیر صدارت سعودی، فرانسیسی سٹریٹیجک پارٹنر شپ کونسل کے پہلے اجلاس کے نتائج کا بھی خیر مقدم کیا گیا جس کا انعقاد ولی عہد کے دورہ فرانس کے دوران کیا گیا۔
اس اجلاس میں دفاع، صحت، مصنوعی ذہانت اور ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز، تفریح اور دیگر شعبوں کو کور کرنے والے معاہدوں اور ایم او یوز طے پائے ہیں۔
انویسٹمنٹ راؤنڈ ٹیبل کانفرنس میں 21 معاہدوں اور ایم او یوز کا اعلان کیا گیا جس کا مقصد سعودی وژن 2030 کے تحت اقتصادی تعاون اور مشترکہ سرمایہ کاری کے نئے مواقع کو فروغ دینا ہے۔
اجلاس کو سعودی عرب کے دیگر دوست ملکوں کے ساتھ  ہونے والے رابطوں، اماراتی صدر اور برطانوی وزیر اعظم کی جانب سے بھیجے گئے پیغامات کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔
کابینہ نے عوامی مقامات اور کام کی جگہوں پر ایمبولینس سیفٹی بڑھانے کی قومی پالیسی، قومی دانشوارانہ املاک پالیسی کے ساتھ جی سی سی ممالک کے لیے رضا کارانہ کام کے یونیفائیڈ قانون کی بھی منظوری دی۔

 

شیئر: