Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی کی صدر آصف علی زرداری سے الوداعی ملاقات

پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی نے اتوار کو ایوان صدر اسلام آباد میں صدر آصف علی زرداری سے الوداعی ملاقات کی۔ 
پاکستان کی سرکاری خبر رساں ایجنسی اے پی پی کے مطابق صدر آصف علی زرداری نے سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی کی مخلصانہ اور قابلِ قدر خدمات کو خراجِِ تحسین پیش کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ’سعودی سفیر کے دورِ سفارت کے دوران دونوں ممالک کے باہمی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے لیے اُن کی کاوشیں قابلِ تحسین ہیں۔‘
صدر آصف علی زرداری نے پاکستان کے لیے اُن کے تعاون اور دونوں برادر ممالک کے درمیان روابط کے فروغ میں اُن کے مثبت کردار کو بھی سراہا۔
انہوں نے کہا کہ ’نواف بن سعید المالکی نے بالخصوص سیاسی، اقتصادی اور تجارتی شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا۔‘
صدر زرداری کا کہنا تھا کہ ’پاکستان، سعودی عرب کے ساتھ اپنی آزمودہ دوستی اور تزویراتی شراکت داری کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور پاکستان کے لیے سعودی عرب کی مستقل حمایت کو سراہتا ہے۔‘
انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ نواف بن سعید المالکی کے دور میں دوطرفہ تعلقات کی جو مضبوط بنیاد قائم ہوئی وہ آئندہ برسوں میں بھی باہمی تعاون کی رہنمائی کرتی رہے گی۔
سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی نے پاکستان میں اپنے قیام کے دوران حکومت اور عوام کی جانب سے ملنے والی گرم جوشی اور تعاون پر صدرِ اور حکومتِ پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔
اس موقعے پر انہوں نے مزید کہا کہ وہ پاکستان اور اس کے عوام کو ہمیشہ قدر و احترام کی نگاہ سے دیکھتے رہیں گے۔
صدرِ مملکت نے نواف بن سعید المالکی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے ان کے مستقبل کے لیے کامیابی کی دعا کی اور کہا کہ پاکستان ہمیشہ ان کا دوسرا گھر رہے گا۔ ملاقات کے دوران سینیٹر شیری رحمان بھی موجود تھیں۔
واضح رہے کہ نواف بن سعید المالکی نے 2017ء میں پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر کی حیثیت سے اپنی ذمہ داریاں سنبھالی تھیں۔

شیئر: