سعودی ولی عہد پاکستان کے ساتھ آہنی دیوار کی طرح کھڑے ہیں: وزیراعظم شہباز شریف
پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ’سعودی عرب اور ترکیہ نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا، دونوں ممالک کے ساتھ بردارنہ تعلقات قابلِ تحسین ہیں۔‘
بدھ کو اسلام آباد میں سیرت النبی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں ںے کہا کہ ’سعودی عرب، ترکیہ اور پاکستان کے مابین تاریخی روابط قائم ہیں، سعودی ولی عہد پاکستان کے ساتھ آہنی دیوار کی طرح کھڑے ہیں۔‘
’پاکستان نے مسلمانوں کے اتحاد اور جنگ بندی کے لیے مخلصانہ کوششیں کیں، امن دشمن عنصر مسلمان ممالک میں نفرت پیدا کرنے میں ناکام رہے۔‘
اُن کا اس حوالے سے مزید کہنا تھا کہ ’ہماری کاوشوں کا بہترین نتیجہ معاہدۂ مکہ کی صورت میں سامنے ہے۔‘
شہباز شریف نے کہا کہ ’مئی 2025 کی جنگ میں حمایت پر ترکیہ کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں، ترکیہ اور پاکستان کا رشتہ ازل سے قائم اور قیامت تک مضبوط رہے گا۔‘
’فیلڈ مارشل عاصم منیر نے مسلمانوں میں تقسیم کی سازش کو ناکام بنایا۔ امن کے لیے اُن کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں۔‘
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ’انڈیا کے خلاف جنگ میں پوری قوم متحد تھی، اتحاد و یکجہتی سے بڑے سے بڑے چیلنج کا مقابلہ کیا جا سکتا ہے۔‘
