وزیراعظم شہباز شریف سے شامی وزیرِ خارجہ کی ملاقات، ’شام کی خودمختاری کے لیے حمایت کا اعادہ‘
جمعرات 20 اگست 2026 17:06
پاکستان کے دورے پر آئے ہونے شام کے وزیر خارجہ اسعد حسن الشیبانی نے جمعرات کو اسلام آباد میں وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی۔
وزیراعظم آفس کے مطابق ’شہباز شریف نے شامی وزیرِ خارجہ اور ان کے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے صدر احمد الشرع کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور ان سے اپنی حالیہ ملاقاتوں کا بھی ذکر کیا۔
ملاقات میں وزیراعظم نے شام کی خودمختاری، اتحاد اور علاقائی سالمیت کے لیے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا۔
وزیراعظم نے پاکستان اور شام کے تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے دیرینہ دوستانہ تعلقات کو سیاسی، دفاعی، تجارت، سرمایہ کاری، تعلیم اور انسانی وسائل کی ترقی سمیت مختلف شعبوں میں عملی تعاون میں تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان براہِ راست پروازوں کی بحالی سے عوامی روابط میں اضافہ ہوگا اور بڑی تعداد میں پاکستان سے شام جانے والے زائرین کو بھی سہولت ملے گی۔
وزیراعظم نے شام کے اتحاد، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے لیے پاکستان کی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان گولان کی پہاڑیوں کے معاملے پر شام کے مؤقف کی بھرپور حمایت کرے گا۔
شامی وزیر خارجہ نے صدر احمد الشرع کی جانب سے وزیراعظم شہباز شریف کے لیے نیک خواہشات کا پیغام دیا۔ انہوں نے وزیراعظم کو شام کی سیاسی صورتِ حال اور تعمیرِ نو کی کوششوں سے آگاہ کیا۔
شامی وزیر خارجہ نے گذشتہ برسوں کے دوران شام کے لیے پاکستانہ حکومت کی مسلسل حمایت پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اُن کی حکومت پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں گہری دلچسپی رکھتی ہے۔
انہوں نے تعاون کے لیے جلد باقاعدہ ادارہ جاتی طریقہ کار وضع کرنے کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔ وزیراعظم نے صدر احمد الشرع کو پاکستان کے سرکاری دورے کی دعوت بھی دی۔
ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیراعظم کے معاون خصوصی سید طارق فاطمی اور سیکریٹری خارجہ آمنہ بلوچ بھی موجود تھیں۔
