Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی وزارتِ خارجہ کا پمز میں 14 نومولود بچوں کی اموات پر دُکھ اور افسوس کا اظہار

سعودی عرب کی وزارتِ خارجہ نے پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد کے پمز ہسپتال میں ہونے والی المناک آتشزدگی کے نتیجے میں 14 نو مولود بچوں کی اموات پر گہرے دُکھ کا اظہار کیا ہے۔
بدھ کو جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ ’سعودی وزارتِ خارجہ اس المناک واقعے پر متاثرہ خاندانوں اور برادر اسلامی جمہوریہ پاکستان کی حکومت اور عوام سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتی ہے۔‘
بدھ کو اسلام آباد کے سب سے بڑے سرکاری ہسپتال کے گائنی وارڈ میں آگ لگنے سے 14 نومود بچوں کی جان چلی گئی اور صرف ایک بچے کی جان بچائی جا سکی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے پمز میں آتشزدگی کے واقعے اور نومود بچوں کی جانوں کے ضیاع پر پر وفاقی سیکریٹری صحت  کو فوری طور پر عہدے سے معطل کر دیا ہے۔
انہوں نے واقعے کی تحقیقات کے لیے فوری طور پر ایک انکوائری کمیٹی بھی تشکیل دے دی ہے۔
دوسری جانب وفاقی وزیر قومی صحت مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ ’اگر کوئی غفلت اور نااہلی کا مرتکب پایا گیا تو اُس کے خلاف ہر صورت کارروائی کی جائے گی۔‘
بدھ کو پمز میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’وہ خود کو بھی احتساب کے لیے پیش کرتے ہیں۔‘

شیئر: