وزن کم کرنے کے بعد مرد کاسمیٹک کلینکس کا رخ کیوں کر رہے ہیں؟
وزن کم کرنے کے بعد مرد کاسمیٹک کلینکس کا رخ کیوں کر رہے ہیں؟
جمعہ 28 اگست 2026 16:24
وزن کم ہونے کے بعد چہرے کی ساخت بھی متاثر ہوئی (فائل فوٹو: فیس آف مین)
وزن کم کرنے والی جدید ادویات کے استعمال سے جسمانی وزن میں نمایاں کمی کے بعد امریکہ میں مردوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کاسمیٹک اور پلاسٹک سرجری کے ذریعے اپنی جسمانی تبدیلی کو مکمل کرنے کے لیے کلینکس کا رخ کر رہی ہے۔
خبر رساں ایجنسی ’روئٹرز‘ کے مطابق وزن کم ہونے کے بعد ڈھیلی جلد، چہرے کی ساخت میں تبدیلی، بالوں کے جھڑنے اور دیگر جسمانی مسائل کے باعث مرد فیس لفٹ، ٹمی ٹک، لائپوسکشن، جلد کی ٹائٹننگ اور بالوں کے علاج سمیت مختلف کاسمیٹک طریقہ کار اپنا رہے ہیں۔
نیو جرسی سے تعلق رکھنے والے 57 سالہ مارک نے گزشتہ پانچ سال کے دوران وزن کم کرنے والی ادویات ویگووی اور زیپ باؤنڈ کے استعمال سے تقریباً 23 کلوگرام وزن کم کیا۔
تاہم وزن کم ہونے کے بعد ان کے چہرے کی بھرپور ساخت بھی متاثر ہوئی، جس کے بعد انہوں نے اپریل میں ڈیپ پلین فیس لفٹ کروائی۔
ماہرین پلاسٹک سرجری کا کہنا ہے کہ ’وزن کم کرنے والی ادویات، سوشل میڈیا اور مردانہ حسن سے متعلق بدلتے ہوئے تصورات کے باعث کاسمیٹک علاج کروانے والے مردوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے۔‘
’امریکن سوسائٹی آف پلاسٹک سرجنز‘ کے مطابق سنہ 2024 میں مردوں نے تقریباً 17 لاکھ کاسمیٹک طریقہ کار کروائے، جن میں سرجری اور کم پیچیدہ علاج شامل تھے۔ یہ تعداد گزشتہ سال کے مقابلے میں 2.7 فیصد زیادہ تھی۔‘
ماہرین کے مطابق ’وزن کم کرنے والی ادویات استعمال کرنے والے نوجوان مرد عموماً ڈھیلی جلد ہٹانے اور جسم کو زیادہ فٹ اور ایتھلیٹک شکل دینے کے لیے سرجری کرواتے ہیں، جبکہ بڑی عمر کے افراد زیادہ تر چہرے اور گردن پر بڑھتی عمر کے اثرات کم کرنے کے لیے علاج کرواتے ہیں۔‘
کیلیفورنیا کے 45 سالہ والٹر بیرینتوس نے ایک تجرباتی وزن کم کرنے والی دوا کے استعمال سے تقریباً 29 کلوگرام وزن کم کیا۔ اس کے بعد انہوں نے ٹمی ٹک، پیٹ، جسم کے اطراف اور سینے کی لائپوسکشن سمیت مختلف کاسمیٹک طریقہ کار کروائے۔
ان علاجوں پر ہزاروں ڈالر خرچ ہوتے ہیں اور عموماً انشورنس ان اخراجات کو پورا نہیں کرتی (فوٹو: روئٹرز)
ماہرین کے مطابق ان علاجوں پر ہزاروں ڈالر خرچ ہوتے ہیں اور عموماً انشورنس ان اخراجات کو پورا نہیں کرتی۔ تاہم کئی مریضوں کا کہنا ہے کہ ان طریقہ کار نے انہیں اپنی نئی جسمانی ساخت کے ساتھ زیادہ پراعتماد اور مطمئن محسوس کرنے میں مدد دی ہے۔
ماہرین نے یہ بھی بتایا کہ تیزی سے وزن کم ہونے کے باعث بعض افراد کو عارضی طور پر بال جھڑنے کا سامنا ہو سکتا ہے، جس کے علاج کے لیے مختلف طبی طریقے استعمال کیے جا رہے ہیں۔
وزن کم کرنے والی ادویات کے استعمال میں اضافے کے ساتھ ماہرین کا خیال ہے کہ مردوں میں کاسمیٹک اور جسمانی ساخت بہتر بنانے والے علاج کی مانگ مزید بڑھ سکتی ہے۔