Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اوزیمپک انجیکشن یا فیٹ برنر سپلیمنٹ؟ بالی وُڈ اداکار سہیل خان نے وزن کیسے کم کیا؟

سہیل خان نے پرائم ویڈیو کے ریئیلٹی شو الائنس میں وائلڈ کارڈ امیدوار کے طور پر شرکت کی (فائل فوٹو: سوشل میڈیا)
بالی وُڈ کے سپرسٹار سلمان خان کے بھائی اداکار سہیل خان نے ریئیلٹی شو ’الائنس‘ میں شرکت کے دوران اپنے وزن میں نمایاں کمی سے متعلق قیاس آرائیوں پر ردِعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے وزن کم کرنے کے لیے نہ تو اوزیمپک کا استعمال کیا اور نہ ہی کسی فیٹ برنر سپلیمنٹ کا سہارا لیا۔
سہیل خان نے ’ہندوستان ٹائمز‘ سے گفتگو میں بتایا کہ ’ریئیلٹی شو میں داخل ہونے کے کچھ ہی عرصے بعد میری طبیعت خراب ہو گئی تھی، جس کے باعث مجھے اپنی خوراک پر قابو رکھنا پڑا۔‘
سہیل خان نے پرائم ویڈیو کے ریئیلٹی شو الائنس میں وائلڈ کارڈ امیدوار کے طور پر شرکت کی تھی، جو بطور ریئیلٹی شو کنٹسٹنٹ ان کا پہلا تجربہ تھا۔
کنال کیمو کی میزبانی میں ہونے والے اس شو میں 16 مشہور شخصیات نے حصہ لیا، جہاں ٹیم ورک، حکمت عملی اور باہمی اعتماد اہم کردار ادا کرتے رہے۔
اداکار کے مطابق شو کے ابتدائی دنوں میں وہ بند ماحول کی وجہ سے گھبراہٹ اور بے چینی محسوس کرتے رہے، جبکہ پہلے ہی ہفتے میں انہیں معدے کی تکلیف بھی لاحق ہو گئی۔
سہیل خان نے کہا کہ چونکہ وہ شو کے مختلف چیلنجز میں بھرپور حصہ لینا چاہتے تھے، اس لیے انہیں اپنی خوراک پر خاص توجہ دینا پڑی تاکہ وہ خود کو متحرک اور صحت مند رکھ سکیں۔
انہوں نے بتایا کہ ’میں نے صرف اپنی خوراک پر قابو رکھا کیونکہ میں چیلنجز میں حصہ لینا چاہتا تھا اور ان نئے دوستوں اور لوگوں کے ساتھ آخری دن تک رہنا چاہتا تھا۔ اس لیے نہ کوئی اوزیمپک، نہ فیٹ برنرز، میں صرف سب کی محبت اور شفقت لے رہا ہوں۔‘
سہیل خان کے لیے شو کے دوران کئی جذباتی لمحات بھی سامنے آئے، خصوصاً جب ان کی سابق اہلیہ سیما سجدہ نے بعد میں شو میں شرکت کی۔ دونوں کے درمیان اپنے تعلق اور خاندان سے متعلق جذباتی گفتگو بھی ہوئی۔
شو کا اختتام ہو چکا ہے، جس میں منی ماتھر نے سیزن اپنے نام کیا جبکہ علی گونی رنر اپ رہے۔

شیئر: