Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’مجھے واقعی شرمندگی اور افسوس ہے‘، اداکار سہیل سمیر کی متنازع کلپ وائرل ہونے پر معذرت

پاکستانی اداکار سہیل سمیر نے اپنی تقریباً 10 سال پرانی مختصر فلم ’دوسری عورت‘ کے ایک متنازع کلپ کے دوبارہ وائرل ہونے کے بعد سوشل میڈیا صارفین سے معذرت کرلی ہے۔
سہیل سمیر نے انسٹاگرام پر ایک تفصیلی پوسٹ شیئر کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان تمام لوگوں سے معذرت خواہ ہیں جنہیں اس وائرل کلپ کی وجہ سے دکھ، تکلیف یا مایوسی ہوئی۔
اداکار نے وضاحت کی کہ یہ کلپ تقریباً 10 سال پرانا ہے اور اُس وقت شاید انہیں اندازہ نہیں تھا کہ ان کی کوئی پرانی حرکت مستقبل میں اس طرح دوبارہ سامنے آسکتی ہے۔
انہوں نے لکھا، ’آج جب یہ کلپ دوبارہ وائرل ہوا ہے تو مجھے احساس ہوا کہ میرے گھر میں بھی میری ماں، بہنیں اور بیٹیاں ہیں۔‘
سہیل سمیر نے کہا کہ وہ سوچتے ہیں کہ اگر ان کے خاندان کے کسی فرد کے بارے میں ایسا مواد سامنے آئے تو انہیں کیسا محسوس ہوگا۔
اداکار نے اپنے ماضی کے کام پر شرمندگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا، ’مجھے واقعی شرمندگی اور افسوس ہے کہ مجھے اُس وقت ایسا مواد نہیں کرنا چاہیے تھا، چاہے حالات کیسے بھی تھے۔‘
انہوں نے اپنی غلطی تسلیم کرتے ہوئے کہا، ’عزت بنانے میں برسوں لگ جاتے ہیں، لیکن اسے ختم ہونے میں صرف ایک لمحہ لگتا ہے۔‘
سہیل سمیر نے لوگوں سے انہیں معاف کرنے کی درخواست کرتے ہوئے کہا، ’میں اپنی غلطی کو تسلیم کرتا ہوں اور اس پر دل سے شرمندہ ہوں۔ میری سب سے درخواست ہے کہ مجھے معاف کر دیں۔‘
اداکار نے امید ظاہر کی کہ انہیں صرف ماضی کی ایک غلطی کی بنیاد پر نہ پرکھا جائے بلکہ ایسے انسان کے طور پر دیکھا جائے جو اپنی غلطیوں سے سیکھ چکا ہے۔
انہوں نے اپنی پوسٹ کے اختتام پر لکھا، ’دل سے معذرت اور آپ سب سے معافی کا طلبگار ہوں۔‘
’دوسری عورت‘ ایک کرائم تھرلر مختصر فلم ہے جسے اورینٹل انٹرٹینمنٹ نے پیش کیا ہے۔ فلم کی ہدایت کاری کرم ریاض نے کی جبکہ اسے راؤ قربان علی نے تحریر کیا ہے۔
 

شیئر: