سابق شوہر کے ساتھ دوبارہ شادی کا کبھی منصوبہ نہیں بنایا تھا: اداکارہ نور بخاری
سابق شوہر کے ساتھ دوبارہ شادی کا کبھی منصوبہ نہیں بنایا تھا: اداکارہ نور بخاری
اتوار 16 اگست 2026 17:21
نور بخاری نے شوبز کو خیرآباد کہہ دیا تھا (فوٹو: سوشل میڈیا)
سابق پاکستانی اداکارہ نور بخاری نے سابق شوہر عون چوہدری سے دوبارہ شادی اور زندگی میں پیش آنے والے نشیب و فراز کے بارے میں کھل کر گفتگو کی ہے۔
عنبرین فاطمہ کو دیے گئے ایک انٹرویو میں نور بخاری نے بتایا کہ ’عون چوہدری سے دوبارہ شادی کا میں نے کبھی منصوبہ نہیں بنایا تھا بلکہ یہ سب اللہ کی طرف سے میری تقدیر میں لکھا تھا۔‘
وہ کہتی ہیں کہ ’دونوں کے درمیان محبت موجود تھی اور ہم دوبارہ ایک دوسرے کے قریب آگئے۔‘
نور بخاری نے بتایا کہ ان کی اور عون چوہدری کی ایک بیٹی بھی ہے اور دونوں کی قربت کے پیچھے ایک وجہ یہ بھی تھی۔ وہ کہتی ہیں کہ ’جب میں نے اداکاری چھوڑ کر دین کی طرف رخ کیا تو اللہ نے عون چوہدری کے دل میں بھی یہ خیال ڈالا، اور آج ہم چار بچوں کے ساتھ خوشگوار زندگی گزار رہے ہیں۔‘
اپنی زندگی کے تجربات اور چار طلاقوں کا ذکر کرتے ہوئے نور بخاری نے کہا کہ انہوں نے زندگی کے کئی نشیب و فراز دیکھے ہیں اور ان تجربات سے انہیں یہ سبق ملا کہ خدا ہی وہ ذات ہے جو انسان کے ساتھ ہمیشہ رہتی ہے اور اسے کبھی تنہا نہیں چھوڑتی۔
سابق اداکارہ کا کہنا تھا کہ ’ماضی کو پیچھے مڑ کر نہیں دیکھتیں بلکہ ہمیشہ اپنی موجودہ زندگی اور مستقبل پر توجہ دیتی ہوں۔‘
نور بخاری نے ان خواتین کے حوالے سے بھی اپنی رائے کا اظہار کیا جن کی بیٹیاں ہوں اور وہ دوبارہ شادی کرنے کا سوچ رہی ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ ’اسلام میں دوبارہ شادی کی اجازت ہے، تاہم اگر کسی خاتون کی بیٹی ہو تو اسے کسی دوسرے خاندان میں شادی کرنے سے گریز کرنا چاہیے، کیونکہ دوسرا شخص اس بچے کا حقیقی والد نہیں ہوگا۔‘
ان کے مطابق ’ایسی صورت میں سابق شوہر کے ساتھ صلح یا دوبارہ رشتہ قائم کرنا بہتر ہو سکتا ہے۔‘
نور بخاری کے ان بیانات پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے بھی مختلف ردعمل سامنے آیا ہے۔
ایک صارف نے لکھا کہ ’نور بخاری کی اس بات پر ستائش ہونی چاہیے، انہوں نے کوئی غلط کام نہیں کیا۔‘