Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جیگوار لینڈ روور نے پہلی الیکٹرک رینج روور متعارف کرا دی، قیمت کتنی ہے؟

برطانیہ میں الیکٹرک رینج روور کی ابتدائی قیمت 1 لاکھ 54 ہزار 70 پاؤنڈ مقرر کی گئی ہے (فائل فوٹو: رینج روور)
ایک بڑے سائبر حملے میں پیداوار رُکنے اور مالی معاملات متاثر ہونے کے بعد برطانوی کار ساز کمپنی جیگوار لینڈ روور (جے ایل آر) نے بدھ کو اپنی نئی مکمل الیکٹرک رینج روور کے لیے صارفین سے آرڈرز لینے کا آغاز کردیا ہے۔
جیگوار لینڈ روور کے چیف آپریٹنگ آفیسر نائجل بلینکنسوپ نے فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کو بتایا کہ لانچ کا وقت محض ایک ’اتفاق‘ ہے اور کمپنی نے سائبر حملے کے بعد ’بہت بہتر انداز میں اپنا کام دوبارہ شروع کردیا ہے۔‘
انہوں نے مزید بتایا کہ لگژری کار ساز کمپنی نے سائبر حملے کے واقعے کے بعد ’بہت تیزی سے پیداوار کو معمول کی سطح پر بحال کر لیا ہے۔‘
کمپنی کے مطابق ’ سولیہل میں منصوبے پر کام کرنے والے 9 ہزار جبکہ خطے بھر میں مزید 1500 ملازمین کو خصوصی تربیت فراہم کی گئی ہے۔ جے ایل آر کا منصوبہ ہے کہ آئندہ 6 ماہ کے دوران اس گاڑی کے 12 ہزار سے 15 ہزار یونٹس تیار کیے جائیں۔‘
کمپنی کا دعویٰ ہے کہ ’یہ گاڑی صرف 4.3 سیکنڈ میں 96 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار تک پہنچ سکتی ہے اور ایک بار چارج ہونے پر 372 میل تک کا فاصلہ طے کر سکتی ہے۔‘
’گاڑی کی ٹیسٹنگ مجموعی طور پر دنیا کے گرد 38 چکر لگانے کے برابر فاصلے پر کی گئی، جو رینج روور کی تاریخ میں کسی بھی گاڑی کے مقابلے میں سب سے زیادہ ہے۔‘
انڈیا کی ٹاٹا موٹرز کی ملکیت جے ایل آر نے ستمبر 2025 کے آغاز میں انکشاف کیا تھا کہ اسے ہیکرز نے نشانہ بنایا ہے، جس کے نتیجے میں کمپنی کو ایک ماہ سے زیادہ عرصے تک پیداوار روکنا پڑی اور اسے 196 ملین پاؤنڈ (264 ملین ڈالر) کا نقصان اُٹھانا پڑا۔

کمپنی کا دعویٰ ہے کہ ’یہ گاڑی صرف 4.3 سیکنڈ میں 96 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار تک پہنچ سکتی ہے‘ (فائل فوٹو: اے ایف پی)

ایک غیر سرکاری تنظیم ’سائبر مانیٹرنگ سینٹر‘ کے مطابق اس سائبر حملے سے برطانوی معیشت کو قریباً 1 ارب 90 کروڑ پاؤنڈ کا نقصان پہنچا تھا۔
نائجل بلینکنسوپ نے ان اعداد و شمار پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔ انہوں نے نیو یارک ٹائمز کی اس رپورٹ پر بھی تبصرہ نہیں کیا جس میں تحقیقات سے باخبر ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا گیا تھا کہ ’سائبر حملے میں روسی ہیکرز ملوث تھے۔‘
امریکی ٹیرف سے بھی متاثر ہونے والی کمپنی کو مارچ میں ختم ہونے والے مالی سال میں 244 ملین پاؤنڈ کا خسارہ ہوا، جبکہ 2025-2024 میں 1 ارب 80 کروڑ پاؤنڈ کا خالص منافع حاصل ہوا تھا۔
برطانیہ میں اس گاڑی کی ابتدائی قیمت 1 لاکھ 54 ہزار 70 پاؤنڈ مقرر کی گئی ہے اور اسے وسطی انگلینڈ کے شہر سولیہل میں تیار کیا جائے گا، جہاں فیکٹری میں الیکٹرک گاڑیاں تیار کرنے کے لیے ضروری تبدیلیاں کی گئی ہیں۔

شیئر: