’میم‘ یا حقیقت؟ چیٹ جی پی ٹی کے پانی کے استعمال پر سیم آلٹمین کا 38 ہزار سوالات کا دعویٰ
آلٹمین نے کہا کہ اے آئی ڈیٹا سینٹرز کے پانی کے استعمال سے متعلق یہ تاثر ایک ’میم‘ کی صورت اختیار کرچکا ہے ۔(فوٹو:گیٹی امیجز)
مصنوعی ذہانت کے پانی کے استعمال پر بحث کے دوران اوپن اے آئی کے سی ای او سیم آلٹمین نے دعویٰ کیا ہے کہ ایک بادام کی پیداوار میں جتنا پانی لگتا ہے، اتنے میں قریباً 38 ہزار چیٹ جی پی ٹی سوالات کیے جا سکتے ہیں۔
سیم آلٹمین نے ’سورسز پوڈکاسٹ‘ میں ٹیکنالوجی پر کام کرنے والے صحافی الیکس ہیتھ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 38 ہزار چیٹ جی پی ٹی سوالات کے لیے استعمال ہونے والا پانی ’کیلیفورنیا میں ایک بادام کی پیداوار میں استعمال ہونے والے پانی کے برابر ہے۔‘
آلٹمین نے چیٹ جی پی ٹی کے پانی کے استعمال سے متعلق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے دعوؤں کو مبالغہ آمیز قرار دیتے ہوئے کہا کہ ماضی میں ڈیٹا سینٹرز میں پانی کے بخارات کے ذریعے کولنگ کا نظام استعمال کیا جاتا تھا، تاہم جدید بڑے ڈیٹا سینٹرز میں کولنگ کی ٹیکنالوجی تبدیل ہوچکی ہے۔
ان کے مطابق ’جدید بڑے ڈیٹا سینٹر میں پانی کا استعمال ایک دفتری عمارت میں سنک، بیت الخلا اور دیگر ضروریات کے لیے استعمال ہونے والے پانی کے برابر ہوسکتا ہے۔‘
آلٹمین نے کہا کہ اے آئی ڈیٹا سینٹرز کے پانی کے استعمال سے متعلق یہ تاثر ایک ’میم‘ کی صورت اختیار کرچکا ہے جسے بڑے پیمانے پر دہرایا جاتا ہے، تاہم ان کے مطابق اس بحث کو مفروضوں کے بجائے پانی کے حقیقی استعمال کے اعداد و شمار کی بنیاد پر ہونا چاہیے۔
امریکی میڈیا ادارے کیل میٹرز کے مطابق ماہرین کا کہنا ہے کہ چیٹ جی پی ٹی کے ہر سوال کے لیے پانی کے استعمال کی کوئی ایک مقررہ مقدار نہیں ہے۔ یہ مقدار ڈیٹا سینٹر کے مقام، موسم، کولنگ سسٹم، سوال کی نوعیت اور اے آئی ماڈل کو درکار کمپیوٹنگ طاقت کے مطابق مختلف ہوسکتی ہے۔
رپورٹس کے مطابق ایک بادام کی پیداوار کے لیے تقریباً 1.1 گیلن یعنی 4.2 لیٹر پانی استعمال ہونے کا اندازہ ہے۔
دوسری جانب سیم آلٹمین کے سابقہ بیانات کی بنیاد پر ایک چیٹ جی پی ٹی جواب کے لیے تقریباً ایک سے 50 ملی لیٹر پانی استعمال ہونے کا اندازہ لگایا گیا تھا۔
اس حساب سے ایک بادام کے برابر پانی میں تقریباً 85 سے 5,500 چیٹ جی پی ٹی سوالات کیے جا سکتے ہیں، جو آلٹمین کے حالیہ 38 ہزار سوالات کے دعوے سے مختلف ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اے آئی کے پانی کے استعمال کا درست اندازہ لگانا مشکل ہے کیونکہ سادہ سوال اور پیچیدہ اے آئی ایجنٹ مختلف مقدار میں کمپیوٹنگ وسائل استعمال کرتے ہیں۔ اسی طرح ماڈلز کی تربیت کے دوران پانی کا استعمال عام چیٹ جی پی ٹی سوال سے کہیں زیادہ ہوسکتا ہے۔
رپورٹس کے مطابق جی پی ٹی-3 کی تربیت کے دوران پرانے کولنگ سسٹمز کے ذریعے تقریباً ایک لاکھ 85 ہزار گیلن پانی استعمال ہونے کا اندازہ لگایا گیا تھا۔
امریکا میں ڈیٹا سینٹرز کے مجموعی پانی کے استعمال پر بھی تشویش بڑھ رہی ہے۔ ’کیل میٹرز‘ کے مطابق امریکی ڈیٹا سینٹرز نے 2023 میں براہ راست تقریباً 17 ارب گیلن پانی استعمال کیا، جبکہ 2014 میں یہ مقدار تقریباً 5.6 ارب گیلن تھی۔
جارجیا میں ایک ڈیٹا سینٹر کے بارے میں رپورٹ کیا گیا کہ اس نے 15 ماہ کے دوران تقریباً 2 کروڑ 90 لاکھ گیلن پانی استعمال کیا۔
دوسری جانب ٹیکنالوجی کمپنیاں پانی کے استعمال کو کم کرنے کے لیے نئی کولنگ ٹیکنالوجیز متعارف کرا رہی ہیں۔ این ویڈیا اور مائیکروسافٹ سمیت بعض کمپنیوں نے ایسے کولنگ سسٹمز تیار کیے ہیں جن میں پانی کا استعمال کم یا اسے دوبارہ گردش کیا جاتا ہے۔
ماہرین کے مطابق اے آئی کے پانی کے حقیقی استعمال کا اندازہ لگانے کے لیے کمپنیوں کو ڈیٹا سینٹرز کے پانی کے استعمال اور کولنگ سسٹمز سے متعلق مزید شفاف اعداد و شمار فراہم کرنا ہوں گے۔