انڈیا کے دارالحکومت نئی دہلی میں مسلمان خواتین صحافیوں شاہین خان اور نفیسہ خان نے الزام عائد کیا ہے کہ انہیں جنوبی دہلی میں ایک عوامی تقریب کی کوریج کے دوران دہلی پولیس اہلکاروں نے ساکیت تھانے میں حراست میں رکھا اور تشدد کا نشانہ بنایا۔
دہلی پولیس نے صحافیوں کے الزامات کو ’بے بنیاد، حقائق کے منافی اور گمراہ کن‘ قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا ہے۔
مزید پڑھیں
شاہین خان اور نفیسہ خان ڈیجیٹل نیوز پلیٹ فارم اور یوٹیوب چینل’4 پی ایم نیوز نیٹ ورک‘ کے لیے رپورٹنگ کر رہی تھیں۔ ان کے مطابق وہ تین ستمبر کو ایک ایسی تقریب کی کوریج کے لیے موجود تھیں جس میں دہلی کی وزیراعلیٰ ریکھا گپتا اور وزیر داخلہ امیت شاہ نے شرکت کی۔
صحافیوں کا کہنا ہے کہ وہ وزیراعلیٰ سے مبینہ ’سائیکل سکیم سکینڈل‘ کے بارے میں سوال کرنے کی کوشش کر رہی تھیں کہ پولیس اہلکاروں نے انہیں روک دیا۔ ان کے بقول بعد ازاں انہیں ساکیت تھانے کے ایک بند کمرے میں لے جایا گیا، جہاں سادہ لباس میں موجود ایک خاتون پولیس اہلکار نے انہیں تھپڑ مارے اور ڈنڈے سے تشدد کیا۔
دونوں صحافیوں نے یہ الزام بھی عائد کیا کہ واقعے کے دوران ان کی شناخت اور مذہب کو بنیاد بنا کر توہین آمیز الفاظ استعمال کیے گئے۔ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی بعض ویڈیوز میں مبینہ طور پر ان کے بازوؤں اور ٹانگوں پر چوٹ کے نشانات بھی دکھائے گئے ہیں، جس کے بعد معاملہ مزید توجہ کا مرکز بن گیا۔
دہلی پولیس نے صحافیوں کے بیان سے اختلاف کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں سیاسی رہنماؤں سے سوال کرنے کی کوشش پر حراست میں نہیں لیا گیا تھا۔
پولیس کے مطابق، دونوں خواتین کا سکوٹر وی وی آئی پی سکیورٹی کے لیے مختص راستے میں رکاوٹ بن رہا تھا اور انہیں سکیورٹی سے متعلق ہدایات پر بار بار عمل کرنے کے لیے کہا گیا، جس سے انکار کے بعد انہیں وہاں سے ہٹایا گیا۔
دونوں جانب سے سامنے آنے والے متضاد بیانات کے بعد معاملے کی آزاد اور غیر جانب دارانہ تحقیقات کا مطالبہ زور پکڑ گیا ہے۔
صحافیوں کی متعدد تنظیموں، جن میں پریس کلب آف انڈیا، انڈین ویمنز پریس کور اور دہلی یونین آف جرنلسٹس شامل ہیں، نے صحافیوں پر مبینہ تشدد کی مذمت کرتے ہوئے منصفانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔
ان تنظیموں نے ساکیت تھانے کے سٹیشن ہاؤس آفیسر کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے دہلی پولیس کمشنر انوراگ کمار سے بھی معاملے کی تحقیقات کرنے کی اپیل کی ہے۔
क्या मुख्यमंत्री से सवाल पूछना अब इतना बड़ा अपराध हो गया है कि पत्रकार को पुलिस बेरहमी से पीटेगी?
आज दिल्ली में 4PM की पत्रकार शाहीन के साथ जो हुआ, वह बेहद गंभीर और डराने वाला है.
शाहीन दिल्ली की मुख्यमंत्री रेखा गुप्ता से सवाल पूछने की कोशिश कर रही थीं. शाहीन का आरोप है कि इसी… pic.twitter.com/KB3p3kGKDK
— 4PM News Network (@4pmnews_network) September 3, 2026











