Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’اپنے اندر کی کشمکش سے چُھٹکارا پا چُکی ہوں‘، ایشوریہ رائے سلمان خان سے ’بریک اپ‘ پر بات کیوں نہیں کرتیں؟

ایشوریہ رائے نے کہا کہ میرا خیال ہے کہ میں نے اِس معاملے کو اپنے ذہن سے نکال دیا ہے (فوٹو: دکن کرانیکل)
بالی وڈ اداکارہ ایشوریہ رائے نے سال 2012 میں پروگرام ’رون دے وو وِد سیمی گریوال‘ میں انٹرویو دیتے ہوئے بتایا تھا کہ وہ سلمان خان سے اپنی علیحدگی کے بارے میں عوامی سطح پر بات کیوں نہیں کرنا چاہتی تھیں۔
سیمی گریوال نے سابق مس ورلڈ سے اس معاملے پر اُن کا جواب جاننے کی کوشش کی، تاہم فلم ’ہم دل دے چکے صنم‘ میں اداکاری کے جوہر دکھانے والی فنکارہ نے اپنے خاندان اور ایک عام لڑکی کی حیثیت سے اپنے ذہنی سکون کی خاطر اس سوال کا براہِ راست جواب دینے سے گریز کیا۔
کیا گفتگو ہوئی؟
سیمی گریوال نے ایشوریہ رائے سے پوچھا کہ ’کیا آپ سلمان خان کے ساتھ اپنے تعلقات کے معاملے کو اب غیر جانب داری سے دیکھ سکتی ہیں؟‘
اداکارہ نے اس سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ’میرے خیال میں، میں نے اِس معاملے کو اپنے ذہن سے نکال دیا ہے۔ میں نہیں چاہوں گی کہ کسی بھی انداز میں خاص طور پر کسی عوامی پلیٹ فارم پر اِس پر دوبارہ غور کروں۔ میں واقعی اس بارے میں بات نہیں کرنا چاہوں گی۔‘
سیمی گریوال نے حساسیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے دوبارہ پوچھا کہ ’کیا اِس معاملے پر بات کرتے ہوئےایشوریہ یعنی آپ کے ذہن میں منفی جذبات اُبھرتے ہیں؟‘
ایشوریہ رائے نے پُرزور انداز میں کہا کہ ’میں اپنے اندر کی کشمکش سے نکل چکی ہوں۔ یہ ماضی کا حصہ ہے اور اسے وہیں چھوڑ دینا چاہیے۔‘
سیمی گریوال نے ایشوریہ رائے کی بات کا حوالہ دیتے ہوئے سوال کیا کہ ’یہ معاملہ اگر آپ کے ماضی کا حصہ بن چکا ہے تو پھر وہ عوامی سطح پر اِس پر بات کرنے سے گریز کیوں کرتی ہیں؟‘
ایشوریہ رائے نے اپنے مؤقف کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ ’میں نے اِس بارے میں بات نہ کرنے کا فیصلہ اِس لیے کیا کیوں کہ میں صرف اپنی ذات تک محدود رہنے والی انسان نہیں ہوں۔ میں ایسی شخصیت نہیں جو اپنی زندگی صرف ’میں، میری ذات اور خود اپنی ذات‘ کے گرد گزارتی ہو۔ میری زندگی میں میرا خاندان، میرے پیارے اور وہ لوگ بھی شامل ہیں جن سے میں بے حد محبت کرتی ہوں اور جن کا مجھے بہت خیال ہے۔ اس لیے ایک واضح حد موجود ہے، جس سے میں انکار نہیں کرتی۔‘
ایشوریہ رائے نے مزید بتایا کہ ’اس فیصلے کی ایک وجہ یہ بھی تھی کہ وہ اگر اس معاملے پر بات کرتیں تو انہیں عوامی سطح پر تنقید اور احتساب کا سامنا کرنا پڑتا۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’اِس معاملے سے اُن لوگوں کا بھی تعلق ہے جن کے بارے میں بات کرتے ہوئے میں بالآخر اُن کا ذکر کروں گی۔ لوگ جب مجھے نپے تلے انداز میں بات کرنے والی، اپنے معاملات چھپا کر رکھنے والی یا بولنے سے پہلے نہ سوچنے والی شخصیت قرار دیتے ہیں تو میری خاموشی کی وجہ اِن لوگوں کا خیال رکھنا بھی ہے۔‘

ایشوریہ رائے نے اپریل 2007 میں اداکار ابھیشیک بچن سے شادی کی اور اِن دونوں کی ایک بیٹی ہے (فوٹو: انڈیا ٹوڈے)

اداکارہ نے کہا کہ ’میں اگرچہ ایک عوامی شخصیت ہوں، لیکن میں اس حقیقت کو نہیں بھولی کہ میں ایک عام لڑکی ہوں۔ اور جن لوگوں کے بارے میں میں بات کروں گی، وہ بھی عام انسان ہیں۔ اُن کے بھی جذبات ہیں، اُن کے اپنے والدین اور پیاروں کے ساتھ معمول کے رشتے ہیں۔‘
ایشوریہ رائے اور سلمان خان کی علیحدگی
ایشوریہ رائے اور سلمان خان کے درمیان قربت سال 1999 کے لگ بھگ اُس وقت بڑھی جب دونوں نے سنجے لیلا بھنسالی کی فلم ’ہم دل دے چکے صنم‘ میں کام کیا۔
سال 2002 میں دونوں کے تعلقات تلخی کے ساتھ ختم ہوگئے۔ بعض اطلاعات کے مطابق سلمان خان نے ایشوریہ رائے کی فلم ’چلتے چلتے‘ (2003) کے سیٹ پر پہنچ کر ہنگامہ کیا، جس کے بعد شاہ رخ خان کے مقابل فلم کی مرکزی اداکارہ کے طور پر ایشوریہ رائے کی جگہ رانی مکھرجی کو لے لیا گیا۔
بعد ازاں، جب ایشوریہ رائے اداکار ویویک اوبرائے کے ساتھ تعلقات میں تھیں تو سلمان خان اور ویویک اوبرائے کے درمیان بھی ایشوریا کے معاملے پر عوامی سطح پر تنازع سامنے آیا۔
ایشوریہ رائے نے اپریل 2007 میں اداکار ابھیشیک بچن سے شادی کی۔ دونوں کی ایک بیٹی ہے، جس کا نام آرادھیا ہے۔

شیئر: