جیا بچن ابھیشیک اور شویتا پر سخت، مگر ایشوریا رائے کے ساتھ مختلف کیوں؟
جیا بچن کہتی ہیں کہ ایشوریا نے خلا کو پُر کیا اور خاندان کا حصہ بن کر سب کے دل جیت لیے (فوٹو: اے ایف پی)
بالی وُڈ کی معروف اداکارہ جیا بچن ایک بار پھر اپنے پرانے انٹرویوز کی وجہ سے سوشل میڈیا پر توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہیں۔
انڈین میڈیا کے مطابق جیا بچن اپنی بے باک گفتگو اور دو ٹوک انداز کے لیے مشہور ہیں، اور یہی وجہ ہے کہ ان کے پرانے بیانات اکثر دوبارہ وائرل ہو جاتے ہیں۔
اس بار بھی ان کا ایک پرانا انٹرویو سامنے آیا ہے جس میں انہوں نے اپنی بہو ایشوریا رائے بچن کے ساتھ تعلقات کے بارے میں کھل کر بات کی۔
ایک انٹرویو کے دوران جیا بچن سے سوال کیا گیا کہ کیا وہ اپنی بہو ایشوریا رائے کے ساتھ بھی ویسا ہی سخت رویہ رکھتی ہیں جیسا کہ اپنے بچوں ابھیشیک بچن اور شویتا بچن کے ساتھ رکھتی تھیں؟
اس سوال کے جواب میں جیا بچن نے نہایت صاف گوئی سے کہا کہ وہ اپنی بہو کے ساتھ سختی نہیں کرتیں کیونکہ ایشوریا ان کی بیٹی نہیں بلکہ بہو ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ’وہ میری بہو ہے، اس لیے میرے سخت ہونے کی ضرورت نہیں۔ مجھے یقین ہے کہ اس کی والدہ نے اس کی بہترین تربیت کی ہے۔‘
جیا بچن نے مزید کہا کہ بیٹی اور بہو کے رشتے میں ایک واضح فرق ہوتا ہے۔ ان کے مطابق بیٹیاں اکثر اپنے والدین کو بہت قریب سمجھتے ہوئے بعض اوقات انہیں ’فار گرانٹڈ‘ لے لیتی ہیں جبکہ بہو اپنے سسرال میں ایک مختلف انداز سے رہتی ہے اور وہاں احترام کا دائرہ بھی مختلف ہوتا ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ وقت کے ساتھ رشتوں کی نوعیت بدل جاتی ہے اور انسان اپنے نئے خاندان کے زیادہ قریب ہو جاتا ہے۔
ایک اور گفتگو میں جیا بچن نے ایشوریا رائے کے ساتھ اپنے تعلق کو دوستانہ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر انہیں ایشوریا کی کوئی بات پسند نہ آئے تو وہ سامنے کہہ دیتی ہیں اور پیٹھ پیچھے باتیں کرنے پر یقین نہیں رکھتیں۔
وہ بتاتی ہیں کہ ’ایشوریا بھی اگر کسی بات سے اختلاف کرے تو اپنی رائے کھل کر دیتی ہے۔ فرق صرف یہ ہے کہ میں عمر میں بڑی ہوں، اس لیے کبھی کبھی زیادہ جذباتی ہو جاتی ہوں، جبکہ اسے احترام کا خیال رکھنا پڑتا ہے۔‘
جیا بچن نے کئی مواقع پر ایشوریا رائے کی تعریف بھی کی ہے۔ ایک مشہور ٹی وی شو ’کافی ود کرن‘ میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا تھا کہ ایشوریا کی آمد سے امیتابھ بچن کی زندگی میں ایک خوشی واپس آگئی تھی۔
ان کے مطابق ’شویتا بچن کی شادی کے بعد گھر میں ایک خلا محسوس ہوتا تھا، لیکن ایشوریا کے آنے کے بعد امیتابھ بچن کو ایسا محسوس ہوا جیسے ان کی بیٹی دوبارہ گھر واپس آگئی ہو۔‘
انہوں نے کہا کہ ’ایشوریا نے اس خلا کو بڑی حد تک پُر کیا اور خاندان کا حصہ بن کر سب کے دل جیت لیے۔‘
