جب ایشوریا رائے سے شادی کے خواہشمند ’ہاٹ میل‘ کے بانی کے راستے میں سلمان خان آگئے
جب ایشوریا رائے سے شادی کے خواہشمند ’ہاٹ میل‘ کے بانی کے راستے میں سلمان خان آگئے
منگل 21 اکتوبر 2025 17:20
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
سلمان خان اور ایشوریہ رائے کے درمیان تعلقات کی خبریں عام تھیں (فوٹو: یوٹیوب)
معروف ٹیکنالوجی ویب سائٹ ’ہاٹ میل‘ کے بانی صابر بھاٹیا نے بالی وُڈ کی مشہور اداکارہ ایشوریہ رائے سے شادی کی خواہش کا اظہار کیا تھا لیکن انیں سلمان خان کا سامنا کرنا پڑ گیا تھا۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق 2001 میں ایک ہائی پروفائل پارٹی میں صابر بھاٹیا مشہور ٹی وی میزبان سمی گریوال کے ہمراہ موجود تھے تو ان کا سامنا سلمان خان سے ہوا۔
یہ اتفاقیہ ملاقات اس وقت ہوئی جب سلمان خان اور ایشوریہ رائے کے درمیان تعلقات کے چرچے تھے جبکہ اسی دوران صابر بھاٹیا نے ایک انٹرویو میں ایشوریہ رائے سے شادی کی خواہش کا اظہار کر رکھا تھا۔
پارٹی کے دوران سلمان خان نے طنزیہ انداز میں صابر بھاٹیا کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’تو تم وہ ہو جو ایش سے شادی کرنا چاہتے ہیں؟‘
صابر بھاٹیا نے مسکرا کر اسے صرف ایک افواہ قرار دیتے ہوئے بات کو ہلکے پھلکے انداز میں ختم کرنے کی کوشش کی لیکن سلمان خان نے بات جاری رکھی اور کہا کہ ’وہ بہت اچھی لڑکی ہے۔‘
اسی پارٹی میں عجیب صورتحال اس وقت پیدا ہو گئی جب صابر بھاٹیا ایک خاتون مہمان کے ساتھ تصویر کھنچوا رہے تھے تو عین اسی وقت سلمان خان بھی فریم میں آ گئے اور تصویر کے دوران اپنا بازو اس خاتون کے کندھے پر رکھ دیا۔ اسی لمحے سلمان خان کی جلتی سگریٹ ’حادثاتی طور پر‘ صابر کے ہاتھ پر لگ گئی۔
جب صابر بھاٹیا نے جلنے کے اس واقعے کو برداشت کرتے ہوئے کچھ نہ کہا تو سلمان نے ہنستے ہوئے جملہ کسا ’اوپس، آخرکار تمہارے ہاتھوں پر راکھ آ ہی گئی۔‘ اس جملے پر محفل میں سناٹا چھا گیا۔
صابر بھاٹیا نے دنیا کی پہلی ویب بیسڈ ای میل تخلیق کی تھی (فوٹو: اے ایف پی)
یہ واقعہ نہ صرف حیران کن تھا بلکہ ایک ٹیکنالوجی کے ماہر اور ایک فلمی ہیرو کے درمیان غیر متوقع کشیدگی کی عکاسی بھی کرتا ہے۔
صابر بھاٹیا کا نام وقتاً فوقتاً دیگر بالی ووڈ اداکاراؤں جیسے امیشا پٹیل اور سشمیتا سین کے ساتھ بھی جوڑا گیا لیکن ان خبروں کی کبھی باضابطہ تصدیق نہیں ہوئی۔
صابر بھاٹیا نے بعد ازاں مارچ 2008 کو اپنی دیرینہ دوست تانیہ شرما سے شادی کی۔ اس جوڑے کی ایک بیٹی اریانا پیدا ہوئی تاہم شادی صرف پانچ سال بعد 2013 میں طلاق پر ختم ہو گئی۔
صابر بھاٹیا نے 1996 میں جیک سمتھ کے ساتھ مل کر ہاٹ میل لانچ کیا تھا جو دنیا کی پہلی ویب بیسڈ ای میل سروس تھی۔ صرف ایک سال بعد سنہ 1997 میں مائیکروسافٹ نے اس سروس کو 400 ملین ڈالر میں خرید لیا تھا۔