Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان کی ’معاہدۂ مکہ‘ کے تحت سعودی عرب میں فوج تعینات کرنے کی تصدیق

پاکستانی فوج نے بدھ کو مکہ دفاعی معاہدے کے تحت سعودی عرب میں اپنی افواج کی موجودگی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’پاکستانی فوجی کئی دہائیوں سے سعودی عرب میں مختلف صلاحیتوں اور شعبوں میں خدمات انجام دے رہے ہیں۔‘
پاکستانی افواج کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے امریکی نشریاتی ادارے سی این این کو انٹرویو میں کہا کہ ’ہم، پاکستان کی افواج، پہلے ہی وہاں موجود ہیں۔ یہ بات میں آپ کے ساتھ شیئر کر سکتا ہوں۔‘
سی این این کے نمائندے ایوان واٹسن نے سوال کیا کہ کیا پاکستانی فوجی یا کسی قسم کا عسکری عملہ مکہ دفاعی معاہدے کے تحت پہلے ہی سعودی عرب میں موجود ہے؟
اس پر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے جواب دیا کہ ’جی، پاکستانی فوجی کئی دہائیوں سے سعودی عرب میں موجود ہیں۔ وہ سعودی عرب میں متعدد صلاحیتوں میں کئی دہائیوں سے موجود ہیں۔‘
انہوں نے مزید بتایا کہ ’مکہ دفاعی اتحاد اچانک وجود میں آنے والا کوئی انتظام نہیں بلکہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان مسلسل سفارتی، سیاسی، فوجی اور عوامی سطح کے تعلقات کا نتیجہ ہے۔‘
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے کہا کہ ’جیسا کہ میں نے بتایا یہ مکہ اتحاد کوئی ایسی چیز نہیں جو اچانک میں وجود میں آئی ہو۔ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے مابین مسلسل سفارتی، سیاسی، فوجی اور عوامی سطح کے تعلقات موجود ہیں۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’میں آپ کو یہ بتا سکتا ہوں کہ پاکستانی افواج متعدد صلاحیتوں اور شعبوں میں پہلے سے ہی وہاں موجود ہیں۔‘
پاکستانی افواج کے ترجمان کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے مابین مکہ دفاعی معاہدے کے تحت تینوں ممالک نے اجتماعی دفاع کے وعدوں پر فوری عمل درآمد اور سعودی عرب میں متفقہ فوجی دستوں اور صلاحیتوں کی تیز رفتار تعیناتی کے لیے ضروری اقدامات کرنے پر اتفاق کیا ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق ’پاکستانی فوجی کئی دہائیوں سے سعودی عرب میں خدمات انجام دے رہے ہیں‘ (فائل فوٹو: ایس پی اے)

مکہ مشترکہ دفاعی معاہدہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے مابین سات اگست 2026 کو طے پایا تھا۔ معاہدے کے تحت تینوں ممالک میں سے کسی ایک پر مسلح حملے کو تینوں پر حملہ تصور کیا جائے گا۔
پاکستان نے اس معاہدے کو دفاعی نوعیت کا قرار دیا ہے، جبکہ تینوں ممالک کے مابین اس کے تحت فوجی تعاون اور رابطوں میں حالیہ دنوں میں تیزی آئی ہے۔
عرب نیوز کو خصوصی انٹرویو
یاد رہے کہ پاکستان کے فوجی ترجمان نے گذشتہ ماہ ’عرب نیوز‘ کو ایک خصوصی انٹرویو میں بتایا تھا کہ پاکستان سعودی عرب پر حملے کی صورت میں اس کے دفاع کے لیے ’کسی بھی حد تک‘ جانے کو تیار ہے۔
پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل اور ترجمان لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے اس انٹرویو میں کہا تھا کہ ’پاکستان سفارتی اور عملی طور پر مکمل طور پر سعودی عرب کے ساتھ کھڑا ہے۔‘
احمد شریف چودھری نے کا یہ بھی کہنا تھا کہ ’پاکستان کا عزم سعودی عرب اور اسلام کے دو مقدس ترین مقامات، مکہ اور مدینہ کے تحفظ تک پھیلا ہوا ہے۔‘
’اس بارے میں کوئی شک نہیں ہونا چاہیے۔ مختصر یہ کہ ہم سعودی عرب کے ساتھ ہیں اور مملکت کے خلاف کسی بھی جارحیت کی صورت میں اس کا دفاع کرتے رہیں گے۔‘
 

شیئر: