Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اتحادی افواج کی کارروائی، ینبع، جنوبی ریجن اور ریاض پرحملے ناکام

بحیرہ الاحمر کے اوپر 2 کروز میزائلوں کو تباہ کردیا گیا (فوٹو، ایکس اکاونٹ)
یمن میں آئینی حکومت کی حمایت کرنے والے عرب اتحاد کے ترجمان میجر جنرل ترکی المالکی نے کہا ہے کہ جمعہ کے روز  ینبع، ریاض اور جنوبی ریجن پر ہونے والے ڈرون اور میزائل حملوں کو ناکام بنا دیا گیا۔
 سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق میجر جنرل ترکی المالکی کی جانب سے جمعہ کے روز جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ینبع کی جانب داغے گئے ایک بیلسٹک میزائل کو انٹرسیپٹ کرکے تباہ کردیا گیا۔
جنرل المالکی نے مزید کہا کہ اتحادی افواج نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے بحیرہ الاحمر کے اوپر 2 کروز میزائلوں کو انٹرسیپ کرتے ہوئے تباہ کردیا۔
اتحادی افواج کے ترجمان جنرل المالکی نے بتایا کہ جنوبی ریجن اور ریاض  کی جانب داغے گئے تین ڈرونز کو بھی تباہ کیا گیا۔
دریں اثنا العربیہ نیوز کے مطابق اتحادی افواج کی جانب سے حوثیوں کے لیے جاری پیغام میں اس بات پر زور دیا گیا ہے کہ ’وہ شہریوں، شہری تنصیبات، ہوائی اڈوں، بندرگاہوں اور انفراسٹرکچر کو نشانہ بنانے والی تمام دہشت گردانہ  کارروائیوں کو فوری طور پر روکیں‘۔
قبل ازیں اتحادی افواج کی جانب سے کہا گیا تھا کہ  جمعرات کو مدینہ منورہ ریجن میں ایک کروز میزائل کو انٹرسیپٹ کرکے فضا میں ہی تباہ کیا گیا،جبکہ مشرقی و جنوبی  ریجنز میں بھی اتحادی افواج نے ڈرونز حملے کامیابی سے ناکام بنائے۔

شیئر: