سعودی فضائی دفاعی نظام نے ریاض میں حوثیوں کا میزائل تباہ کر دیا، ایک زخمی
سول ڈیفنس کی ٹیموں نے ملبہ گرنے کے واقعے پر فوری کارروائی کی۔( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی فضائی دفاعی نظام نے بدھ کو ریاض کی جانب حوثیوں کے داغے جانے والا ایک میزائل انٹرسیپٹ کرکے تباہ کر دیا۔
سول ڈیفنس کے مطابق اس کی ٹیموں نے انٹرسیپٹ کیے جانے والے میزائل کا ملبہ گرنے کے واقعے پر فوری کارروائی کی۔
یہ میزائل حوثی ملیشیا نے داغا تھا۔ اس کا ملبہ گرنے سے ایک عرب باشندہ زخمی ہوا جبکہ رہائشی عمارت اور گاڑی کو نقصان پہنچا۔ ایسے واقعات سے نمٹنے کے لیے معیاری طریقہ کار استعمال کیا گیا۔
یمن کی حکومت کی حمایت کرنے والے عرب اتحاد کے سرکاری ترجمان نے تصدیق کی کہ ریاض کو نشانہ بنانے والے ایک بیلسٹک میزائل کو انٹرسیپٹ کرکے تباہ کیا گیا ہے۔
اس سے قبل سعودی سول ڈیفنس نے نیشنل ارلی وارننگ پلیٹ فارم سے ریاض اور الخرج کے لیے الرٹ جاری کیا بعد ازاں خطرہ ٹل جانے کا اعلان کیا تھا۔
یاد رہے سعودی فضائی دفاعی نظام نے منگل اور بدھ کی صبح مملکت میں مختلف اہداف پر حوثی ملیشیا کی جانب سے داغے جانے والے کروز، بیلسٹک میزائلوں اور ڈرونز کو انٹرسیپٹ کرکے تباہ کیا
منگل کی رات ریاض میں اس وقت زور دار دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں جب فضائی دفاعی نظام نے شہر کے اوپر موجود دشمن کے اہداف کو نشانہ بنایا۔ عرب اتحاد نے مختلف علاقوں میں چھ کروز، دو بیلسٹک میزائل اور پانچ ڈرونز مار گرائے۔
