Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بہاولپور: والد کو زہر دینے کے لیے اے آئی سے مدد، امریکی سیریز ’بریکنگ بیڈ‘ سے متاثر نوجوان کیسے گرفتار ہوا؟

این سی سی آئی اے پنجاب نے نوجوان کی آن لائن سرگرمیوں سے متعلق بیرونِ ملک سے ملنے والی اطلاع کے بعد کارروائی کی (فوٹو: جرنلزم پاکستان)
پاکستان کی نیشنل سائبر کرائم انوسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے مصنوعی ذہانت سے زہر دینے کا طریقہ پوچھنے کے الزام میں پنجاب کے شہر بہاولپور سے 17 برس کے ایک طالب علم کو گرفتار کیا ہے۔
حکام کے مطابق نوجوان نے مبینہ طور پر اپنے والد کو زہر دینے کی کوشش کی اور پہلی کوشش ناکام ہونے کے بعد مصنوعی ذہانت سے مزید رہنمائی حاصل کی۔ 
ابتدائی معلومات کے مطابق گرفتار نوجوان سیکنڈ ایئر کا طالب علم اور اپنے والدین کا اکلوتا بیٹا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ والد کے ساتھ اختلاف کے بعد اس نے مبینہ طور پر اُن کی جان لینے کی منصوبہ بندی کی اور کیمیائی مواد حاصل کرکے زہریلا مادہ تیار کرنے کی کوشش کی۔ تاہم حکام نے اب تک مبینہ طور پر استعمال کیے گئے کیمیکلز کی تفصیلات جاری نہیں کیں۔ 
این سی سی آئی اے کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق نوجوان نے گھر میں ایک چھوٹی لیبارٹری بھی بنا رکھی تھی جہاں وہ کیمسٹری سے متعلق تجربات کرتا تھا۔
حکام کے مطابق اُن کی تفتیش میں یہ انکشاف بھی ہوا کہ وہ امریکی کرائم ڈراما ’بریکنگ بیڈ‘ سے متاثر تھا۔ حکام کے مطابق مبینہ طور پر کیمیائی مواد آسٹریلیا اور اسلام آباد سے حاصل کیا گیا۔ 
حکام کے مطابق نوجوان نے پہلے اپنے والد کو مبینہ طور پر زہر دینے کی کوشش کی لیکن یہ کوشش کامیاب نہ ہو سکی۔ بعدازاں اُس نے مصنوعی ذہانت کے چیٹ بوٹ سے زہر دینے کے طریقے سے متعلق مزید رہنمائی حاصل کرنے کی کوشش کی۔
این سی سی آئی اے پنجاب کے مطابق نوجوان کی آن لائن سرگرمیوں سے متعلق بیرونِ ملک سے ملنے والی اطلاع کے بعد کارروائی کی گئی۔
این سی سی آئی اے پنجاب کے ڈائریکٹر حسام بن اقبال نے یہ اطلاع موصول ہونے کے بعد خصوصی ٹیم تشکیل دینے کی ہدایت کی، جس نے بہاولپور میں کارروائی کرکے نوجوان کو گرفتار کیا۔ 
’بریکنگ بیڈ‘ میں کیا دکھایا گیا تھا؟
’بریکنگ بیڈ‘ ایک امریکی کرائم ڈراما سیریز ہے جس کا مرکزی کردار والٹر وائٹ کیمسٹری کا استاد ہے۔ اسے کینسر کی تشخیص کے بعد اپنے خاندان کے مالی مستقبل کی فکر لاحق ہوتی ہے اور وہ غیر قانونی منشیات کی دنیا میں داخل ہوجاتا ہے۔ سیریز میں والٹر وائٹ کی ایک عام اُستاد سے جرائم کی دنیا کے ایک طاقت ور کردار تک پہنچنے کی کہانی دکھائی گئی ہے۔ 

تفتیش میں یہ انکشاف بھی ہوا کہ ملزم امریکی کرائم ڈراما سیریز ’بریکنگ بیڈ‘ سے متاثر تھا (فوٹو: الفا کوڈرز)

والٹر وائٹ کیمسٹری کے علم کو مختلف جرائم اور قتل کے منصوبوں میں استعمال کرتا ہے۔ سیریز میں والٹر وائٹ ایک انتہائی زہریلے مادے کو تیار کرتا دکھایا گیا ہے۔ یہ زہریلا مادہ کہانی میں بار بار آتا ہے اور والٹر اسے اپنے مخالفین کو ختم کرنے کے منصوبوں میں استعمال کرنے کی کوشش کرتا ہے۔
سیریز کے ایک اہم موڑ پر والٹر وائٹ اپنے ساتھی جیسی پنک مین کو یہ یقین دلانے میں کامیاب ہو جاتا ہے کہ ایک بچے بروک کو ایک مخصوص زہریلا مادہ دیا گیا ہے۔ تاہم بچے کو کوئی اور زہریلا مادہ دیا گیا ہوتا ہے۔ والٹر نے یہ سب اس لیے کیا تاکہ جیسی کو اپنے مخالف گس فرنگ کے خلاف استعمال کر سکے۔

شیئر: