Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شادی کے وقت شاہ رخ اور سلمان خان کو نہیں پہچانتا تھا، مادھوری ڈکشٹ کے شوہر شری رام نینے کا انکشاف

ڈاکٹر شری رام نینے نے تصدیق کی کہ شادی کے وقت انہیں مادھوری کی شہرت کا اندازہ نہیں تھا (فوٹو: بالی وڈ ہنگامہ)
مقبول اداکارہ مادھوری ڈکشٹ کے شوہر ڈاکٹر شری رام نینے نے انکشاف کیا ہے کہ وہ سال 1999 میں اپنی شادی کی استقبالیہ تقریب کے دوران شاہ رخ خان اور سلمان خان کو نہیں جانتے تھے، حالانکہ دونوں اداکار مادھوری کے ساتھ متعدد فلموں میں کام کر چکے تھے۔
شری رام نینے صرف اور صرف امیتابھ بچن کو ہی پہچانتے تھے۔
یہ انکشاف ایک ایسے وقت پر سامنے آیا ہے جب معروف کوریوگرافر فرح خان اپنے باورچی دلیپ کے ہمراہ اپنے تازہ ترین کوکنگ وی لاگ کے لیے ممبئی میں مادھوری ڈکشٹ اور ڈاکٹر شری رام نینے کے گھر پہنچیں۔
ڈاکٹر شری رام نینے کا اپنا یوٹیوب چینل بھی ہے، جس پر وہ صحت، جسمانی فٹنس، طرزِ زندگی اور صحت کے شعبے میں جدید ٹیکنالوجی جیسے موضوعات پر گفتگو کرتے ہیں۔ وہ بالی وڈ کی معروف شخصیات کے انٹرویوز بھی کرتے ہیں۔
فرح خان نے گفتگو کے دوران ڈاکٹر شری رام نینے سے پوچھا کہ کیا یہ واقعی درست ہے کہ جب انہیں مادھوری سے شادی کی پیشکش ہوئی تو وہ یہ تک نہیں جانتے تھے کہ مادھوری کون ہیں؟ ڈاکٹر نینے نے تصدیق کی کہ انہیں اس وقت مادھوری کی شہرت کا اندازہ نہیں تھا۔
انہوں نے بتایا کہ اُس وقت وہ ہندی نہیں بولتے تھے اور لاس اینجلس میں رہائش پذیر تھے۔
فرح خان نے اس بات پر حیرت کا اظہار کیا تو ڈاکٹر نینے نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ’اِس کی وجہ یہ تھی کہ میں سٹیون سپیلبرگ، جارج لوکاس اور سٹار وارز کی فلمیں دیکھتے ہوئے بڑا ہوا تھا۔ میں ہندی فلمیں نہیں دیکھتا تھا۔ پھر ہماری ملاقات ہوئی اور ہم نے تین ماہ تک ایک دوسرے کو سمجھنے کے لیے ایک ساتھ وقت گزارا۔ ہماری خوب بنی اور ہم ایک دوسرے کے ساتھ گھل مل گئے۔ میں نے تین ماہ بعد انہیں شادی کی پیشکش کر دی۔‘
بعدازاں فرح خان نے مادھوری اور ڈاکٹر شری رام نینے کی شادی کے موقع پر فلمی صنعت کے لیے منعقد کی گئی شاندار استقبالیہ تقریب کا ذکر کیا۔
ڈاکٹر شری رام نینے نے اُس موقع کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ ’میں کسی کو نہیں جانتا تھا۔ ایسا لگ رہا تھا جیسے میں پروم کنگ ہوں۔ آپ بس سب کی طرف ہاتھ ہلا کر انہیں خوش آمدید کہتے رہتے ہیں اور بعد میں شادی کی تصاویر دیکھتے ہیں، کیوں کہ آپ کسی کو جانتے ہی نہیں ہوتے۔ میں صرف امیتابھ بچن کو پہچانتا تھا، کیوں کہ میں نے اُن کی فلم ’امر اکبر انتھونی‘ دیکھی ہوئی تھی۔‘
فرح خان نے جب اُن سے پوچھا کہ کیا وہ شاہ رخ خان اور سلمان خان کو بھی نہیں جانتے تھے تو ڈاکٹر شری نام نینے نے اِس کی تصدیق کی۔

انہوں نے اپنی شادی کی استقبالیہ تقریب کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ میں کسی کو نہیں جانتا تھا۔ ایسا لگ رہا تھا جیسے میں پروم کنگ ہوں (فوٹو: بالی وڈ ہنگامہ)

مادھوری ڈکشٹ نے 17 اکتوبر 1999 کو دل کے امراض کے ماہر سرجن ڈاکٹر شری رام نینے سے شادی کی تھی۔ اس وقت مادھوری انڈین فلمی صنعت کی سب سے بڑی اور مقبول اداکاراؤں میں شمار ہوتی تھیں۔ دونوں نے امریکی ریاست کیلیفورنیا کے جنوبی علاقے میں مادھوری کے بڑے بھائی کی رہائش گاہ پر ایک نجی اور روایتی تقریب میں شادی کی۔
شادی کے بعد مادھوری امریکہ منتقل ہو گئیں اور خاندانی زندگی پر توجہ دینے کے لیے اداکاری سے کچھ عرصے کا وقفہ لے لیا۔ اس جوڑے کے ہاں سال 2003 میں پہلے بیٹے آرین کی پیدائش ہوئی، جبکہ ان کے دوسرے بیٹے ریان کی پیدائش سال 2005 میں ہوئی۔
مادھوری اور ڈاکٹر شری رام نینے سال 2011 میں انڈیا واپس آ گئے، جس کے بعد مادھوری نے بتدریج فلموں اور ٹیلی وژن میں دوبارہ کام کرنا شروع کر دیا۔

شیئر: