عمر صرف 21 برس، ون ڈے انٹرنیشنل کیریئر کے محض پانچ میچز، لیکن کارکردگی ایسی کہ پاکستان کے نمایاں کھلاڑیوں میں جگہ بنا لی۔ دو مرتبہ مین آف دی میچ کا اعزاز بھی اپنے نام کر چکے ہیں۔
منگل کو پنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں انگلینڈ کے خلاف عرفات منہاس نے پہلے بلے سے کمال دکھایا، 59 رنز کی شاندار اننگز کھیلی اور پھر گیند سے انگلش بیٹرز کو مشکلات سے دوچار کرتے ہوئے چھ وکٹیں حاصل کر لیں۔ یوں وہ ٹرائی سیریز کے دوسرے میچ انگلینڈ کے خلاف پاکستان کی فتح کے سب سے اہم کردار رہے۔
اس غیر معمولی کارکردگی کے ساتھ عرفات منہاس ون ڈے انٹرنیشنل کی تاریخ میں نصف سینچری بنانے اور اسی میچ میں پانچ یا اس سے زیادہ وکٹیں لینے والے تیسرے پاکستانی کھلاڑی بھی بن گئے۔ ان سے پہلے شاہد آفریدی تین مرتبہ جبکہ عبدالرزاق ایک مرتبہ یہ کارنامہ انجام دے چکے ہیں۔
مزید پڑھیں
لیکن صرف پانچ ون ڈے میچز میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوانے والے عرفات منہاس ہیں کون؟
عرفات منہاس نے کرکٹ کو بطور کیرئیر کیسے چُنا؟
عرفات منہاس دو جنوری 2005 کو پاکستان کے صوبہ پنجاب کے شہر ملتان سے تعلق رکھنے والے ایک قبیلے منہاس راجپوت کے ایک خاندان میں پیدا ہوئے۔ ان کے والد کا نام کاشف منہاس ہے جو ایک پروفیشنل سپورٹس فوٹوگرافر ہیں اور ماضی میں خود بھی انڈر 19 کرکٹر رہ چکے ہیں۔ عرفات منہاس پاکستان انڈر 19 ٹیم کے مشہور کھلاڑی سمیر منہاس کے بڑے بھائی ہیں۔
عرفات اپنے والد کو اپنا رول ماڈل سمجھتے ہیں جبکہ وہ عالمی سطح پر سابق جنوبی افریقی سٹار کرکٹر اے بی ڈی ویلیئرز سے بھی بے حد متاثر ہیں۔
انہوں نے صرف نو برس کی عمر میں ریڈ بال کلب کرکٹ کھیلنا شروع کی۔ بعد ازاں وہ انڈر 13 اور انڈر 16 سطح کی کرکٹ میں بھی مسلسل نمایاں رہے۔ انڈر 19 سطح پر نیشنل انڈر 19 چیمپئن شپ 2022 میں انہیں ٹورنامنٹ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا تھا۔
یوتھ کیریئر
عرفات منہاس نے پاکستان انڈر 19 ٹیم کی نمائندگی بھی کی۔ 15 مئی 2023 کو بنگلہ دیش کے دورے کے دوران پانچویں اور آخری ون ڈے میچ میں انہوں نے شاندار آل راؤنڈ کارکردگی دکھائی۔ پہلے انہوں نے 42 گیندوں پر 40 رنز بنائے، اور بعد میں 7.3 اوورز میں 20 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں، جس میں ایک میڈن اوور بھی شامل تھا۔ اس کے علاوہ وہ ایک اہم رن آؤٹ میں بھی شامل رہے۔
24 اکتوبر 2023 کو کراچی میں سری لنکا انڈر 19 کے خلاف دوسرے یوتھ ون ڈے میں انہوں نے 66 گیندوں پر 95 رنز کی شاندار اننگز کھیلی اور پلیئر آف دی میچ قرار پائے۔ بولنگ میں انہوں نے صرف 21 رنز دیے اور 10 اوور مکمل کیے۔
دسمبر 2023 میں انہیں ایشین کرکٹ کونسل انڈر 19 ایشیا کپ کے لیے پاکستان ٹیم میں شامل کیا گیا اور نائب کپتان مقرر کیا گیا۔
اس کے بعد وہ 2024 انٹرنیشنل کرکٹ کونسل انڈر 19 ورلڈ کپ کا حصہ بنے۔ 27 جنوری 2024 کو نیوزی لینڈ انڈر 19 کے خلاف انہوں نے پانچ اوورز میں صرف چھ رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں۔

آٹھ فروری 2024 کو آسٹریلیا انڈر 19 کے خلاف سیمی فائنل میں انہوں نے 52 رنز بنائے اور بعد میں 10 اوورز میں 20 رنز دے کر دو وکٹیں حاصل کیں مگر پاکستان یہ میچ ایک وکٹ سے ہار گیا تھا۔
پورے ٹورنامنٹ میں انہوں نے مجموعی طور پر آٹھ وکٹیں حاصل کیں اور 105 رنز سکور کیے۔
ڈومیسٹک کیریئر
عرفات منہاس نے پاکستان جونیئر لیگ 2022 میں گوادر شارکس کی کپتانی کی اور بعد ازاں بہترین کارکردگی پر انہیں ٹیم آف دی ٹورنامنٹ کا کپتان بھی بنایا گیا۔
انہوں نے 10 دسمبر 2022 کو سندھ کے خلاف پاکستان کپ میں سدرن پنجاب کی جانب سے لسٹ اے کرکٹ میں ڈیبیو کیا۔
پاکستان سپر لیگ کے 2023 ڈرافٹ میں انہیں ملتان سلطانز نے سپلیمنٹری کیٹیگری میں منتخب کیا جبکہ 2024 کے ڈرافٹ میں کراچی کنگز نے انہیں سلور کیٹیگری میں سائن کیا تھا۔
انٹرنیشنل کیریئر
عرفات منہاس کو دسمبر 2022 میں انہیں ان تین نوجوان کھلاڑیوں میں شامل ہونے کا موقع ملا جنہیں پاکستان کے ٹیسٹ سکواڈ کے ساتھ منسلک کیا گیا، ان میں محمد ذیشان اور باسط علی بھی شامل تھے۔
اگست 2023 میں وہ پاکستان کے سکواڈ میں شامل ہوئے جو 2022 ایشین گیمز میں شریک ہوا۔ تین اکتوبر 2023 کو ہانگ کانگ کے خلاف انہوں نے اپنا ٹی20 انٹرنیشنل ڈیبیو کیا۔ اس میچ میں انہوں نے 16 گیندوں پر 25 رنز بنائے اور 19 رنز کے عوض دو وکٹیں حاصل کیں۔

19 اکتوبر 2024 کو پاکستان شاہینز کی جانب سے انڈیا اے کے خلاف ایشین کرکٹ کونسل ایمرجنگ ٹیمز ایشیا کپ میں انہوں نے 29 گیندوں پر 41 رنز کی تیز اننگز کھیلی، تاہم ایک متنازع امپائرنگ فیصلے کے بعد آؤٹ ہوئے اور پاکستان یہ میچ سات رنز سے ہار گیا۔
پانچ دسمبر 2024 کو زمبابوے کے خلاف تیسرے ٹی20 میں انہوں نے 22 رنز بنائے اور بولنگ میں چار اوورز میں 17 رنز دیے۔ اس میچ میں وہ پاکستان کے بولرز میں سب سے کم اکانومی ریٹ (4.25) کے ساتھ نمایاں رہے، جبکہ پاکستان یہ میچ دو وکٹوں سے ہار گیا۔
مئی اور جون 2026 میں شیڈول تین میچوں پر مشتمل آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے سیریز میں عرفات منہاس پاکستان کے ون ڈے سکواڈ کا حصہ بنے اور 30 مئی کو ڈیبیو میچ میں 10 اوورز میں 32 رنز کے عوض پانچ وکٹیں حاصل کیں۔
رواں ماہ کی 20 تاریخ کو عرفات منہاس نے انگلینڈ، پاکستان اور سری لنکا کے درمیان جاری او ڈی آئی ٹرائی سیریز کے دوسرے میچ میں انگلینڈ کے خلاف بیٹنگ کرتے ہوئے 59 رنز کی اننگز کھیلی اور پھر بولنگ کرتے ہوئے 40 رنز کے عوض چھ وکٹیں حاصل کر کے پاکستان کو فتح دلوائی۔












