پاکستان نے ٹی 20 سیریز اپنے نام کرلی، سری لنکا کو دوسرے میچ میں 82 رنز سے شکست
اتوار 11 اکتوبر 2026 21:30
معاذ صداقت نے ٹی 20 میں اپنا پہلا پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ حاصل کیا۔( فوٹو: پی سی بی)
پاکستان نے اتوار کو راولپنڈی میں کھیلے گئے دوسرے ٹی 20 میں سری لنکا کو 82 رنز سے شکست دے کر سیریز میں 2-0 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی۔
پاکستانی بلے باز معاذ صداقت نے ٹی 20 میں اپنا پہلا پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ حاصل کیا۔ انہوں نے 96 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔
سری لنکا نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو درست ثابت نہیں ہوا۔ پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں تین وکٹوں کے نقصان پر 215 رنز بنائے اور ایک بڑا ہدف دیا۔
معاذ صداقت نے 51 گیندوں پر 96 رنز بنائے جبکہ صاحبزادہ فرحان نے تیز رفتار بیٹنگ کرتے ہوئے 73 رنز سکور کیے تاہم دونوں کے کیچز ڈراپ ہوئے اور انہوں نے موقع سے فائدہ اٹھا کر لگاتار دوسری تیز رفتار نصف سینچریاں سکور کیں۔
یاد رہے پاکستان کا ٹی 20 میں اب تک کا سب سے بڑا سکور انگلینڈ کے خلاف چھ وکٹوں پر 232 رنز ہے۔
جواب میں سری لنکا کی ٹیم بڑے ہدف کے دباؤ میں نظر آئی ابتدائی وکٹیں جلد گرنے کے بعد 20 اوورز میں سات وکٹوں پر 133 رنز ہی بنا سکی۔
پاکستان کی جانب سے عمران رندھاوا نے جو اپنا دوسرا ٹی 20 میچ کھیل رہے تھے 11 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں۔
جبکہ سلمان مرزا نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ شاداب خان اور صائم ایوب نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
پاکستان اور سری لنکا کے درمیان سیریز کا تیسرا میچ منگل کو راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔
