ریاض کے ہسپتال میں نایاب بیماری میں مبتلا لڑکی کے پھیپھڑوں کی صفائی
جمعرات 22 اکتوبر 2026 10:35
ٹیم نے جمع شدہ مواد کو نکالنے کے لیے مرحلہ وار نیم گرم نمکین پانی سے پہلے پھیپھڑے کو صاف کرنا شروع کیا (فوٹو: کے ایف ایس ایچ اینڈ آر سی)
ریاض کے کنگ فیصل سپیشلسٹ ہسپتال اینڈ ریسرچ سینٹر نے تقریباً 9 گھنٹے جاری رہنے والے ایک ہی سیشن میں ایک 10 برس کی لڑکی کے پھیپھڑوں کی مکمل صفائی کا عمل کامیابی سے انجام دیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق یہ طبی عمل ایک نایاب بیماری کے علاج کے لیے کیا گیا جس کی وجہ سے مریضہ کے خون میں آکسیجن کی مقدار گر کر 79 فیصد رہ گئی تھی، جبکہ عام حد 95 سے 100 فیصد ہوتی ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، لڑکی کو بغیر کسی پیچیدگی کے مستحکم حالت میں پانچ دن بعد ہسپتال سے ڈسچارج کر دیا گیا۔
وہ پلمونری ایلوئیولر پروٹینوسس کی وجہ سے مسلسل سانس پھولنے، شدید تھکاوٹ، چلنے میں دشواری اور وزن میں کمی کا شکار تھی جو کہ ایک نایاب بیماری ہے جس میں پھیپھڑوں کی تھیلیوں میں پروٹین اور چربی جمع ہو جاتی ہے جس سے آکسیجن خون میں موثر طریقے سے شامل نہیں ہو پاتی۔
ان کی حالت ایک ایڈوانس سٹیج تک پہنچ چکی تھی جس سے وہ مسلسل اضافی آکسیجن پر منحصر ہو گئی تھیں۔
طبی ٹیم نے ایک مخصوص ٹیوب کا استعمال کرتے ہوئے یہ عمل انجام دیا جس نے ہر پھیپھڑے کو الگ سے سنبھالنے کی اجازت دی، جس سے ایک پھیپھڑے کی دھلائی کے دوران دوسرے پھیپھڑے کے ذریعے سانس بحال رکھی گئی۔
ٹیم نے جمع شدہ مواد کو نکالنے کے لیے مرحلہ وار نیم گرم نمکین پانی سے پہلے پھیپھڑے کو صاف کرنا شروع کیا اور اس سیال کو بار بار نکال کر اس وقت تک تبدیل کیا جب تک کہ وہ بالکل شفاف نہ ہو گیا۔
پھر یہی عمل دوسرے پھیپھڑے پر بھی دہرایا گیا۔
اس عمل کے بعد، لڑکی کی بچوں کے آئی سی یو میں نگرانی کی گئی جہاں ان کے سانس لینے میں تدریجی طور پر بہتری آئی۔
اگلے دنوں میں ان کی اضافی آکسیجن کی ضرورت 4.5 لیٹر سے کم ہو کر ایک لیٹر فی منٹ رہ گئی اور انہیں مستحکم حالت میں ڈسچارج کر دیا گیا۔
یہ کامیاب عمل بچوں کے پھیپھڑوں کی نایاب اور پیچیدہ بیماریوں کے علاج اور ہر پھیپھڑے کے الگ سے سانس کی بحالی والے حساس عمل کو انجام دینے کی صلاحیت کو نمایاں کرتا ہے جس سے ہسپتال کو مخصوص دیکھ بھال کے حامل کیسز سنبھالنے میں مدد ملتی ہے۔
اس ہسپتال کو 2026 کے لیے دنیا کے بہترین 250 تعلیمی طبی مراکزی کی فہرست میں مشرق وسطیٰ اور افریقہ میں پہلا، اور عالمی سطح پر 12واں بہترین ہسپتال قرار دیا گیا تھا۔
