کنگ فیصل سپیشلسٹ ہسپتال کو ’صحت مندانہ کام کے ماحول‘ کا ایوارڈ
جمعرات 26 مارچ 2026 19:33
ایوارڈ امریکی دارالحکومت واشنگٹن میں منعقدہ تقریب میں دیا گیا (فوٹو: ایس پی اے)
کنگ فیصل سپیشلسٹ ہسپتال اینڈ ریسریچ سینٹر نے ورلڈ لیڈر سگما تھیٹا تاو انٹرنیشنل آنر سوسائٹی آف نرسنگ کی جانب سے کلینیکل کیٹیگری میں ’صحت مندانہ کام کے ماحول‘ کا ایوارڈ حاصل کیا ہے۔
ایس پی اے کے مطابق یہ ایوارڈ امریکی دارالحکومت واشنگٹن میں منعقدہ تقریب میں دیا گیا، جس میں دنیا بھر سے ماہرین، نرسنگ لیڈرز اور ہیلتھ کیئر اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔
صحت مند کام کے ماحول کا ایوارڈ ہسپتال میں کام کا ایک جامع ماحول بنانے کے عزم کو تسلیم کرتا ہے۔ یہ اعزاز ہیلتھ کیئر پروفیشنلز کی مدد کرتا پہ اور ان کے تجربے کو بہتر بنانے میں معاون ہے۔
واضح رہے یہ ایوارڈ مخصوص معیار کی بنیاد پر دیا جاتا ہے، جن میں صحت اداروں میں کام کے ماحول کا جائزہ، ادارہ جاتی اقدامات کے اثرات، عملے کے تجربے، کارکردگی کے تسلسل اور انہیں دستیاب پیشہ ورانہ معاونت کو جانچنا شامل ہے۔
ایوارڈ کا مقصد ایسے صحت مندانہ ماحول کو فروغ دینا ہے، جس سے خدمت کے معیار اور اس کے تسلسل کو برقرار رکھا جائے۔
انٹرنیشنل آنر سوسائٹی آف نرسنگ عالمی سطح پر نرسنگ کے شعبے کی بڑی اور معروف تنظیم ہے، جس کے ایک لاکھ سے زائد اراکین اور دنیا بھر میں 600 سے زیادہ شاخیں ہیں۔
یہ سوسائٹی، نرسنگ کی تربیت اور پیشہ ورانہ معیار کو بہتر بنانے کے لیے کام کرتی ہے جبکہ ایوارڈ ان اداروں کو دیے جاتے ہیں جو جسمانی، نفسیاتی اور سماجی پہلووں پر مشتمل متوازن کام کا ماحول فراہم کرتے ہیں۔
خیال رہے کنگ فیصل سپیشلسٹ ہسپتال و ریسرچ سینٹر کو سال 2026 کے لیے دنیا کے 250 بہترین تعلیمی و صحتی اداروں کی فہرست میں مشرق وسطی اور افریقہ کی سطح پر پہلا جبکہ عالمی طورپر 12 مقام دیا گیا تھا۔
عالمی جریدے نیوز ویک کے انڈیکس میں اسے سال 2025 کے بہترین ہسپتالوں میں جبکہ سال 2026 کے بہترین سمارٹ اور 2026 کے بہترینسپیشلسٹ ہسپتالوں کی فہرست میں شامل کیا گیا تھا۔
