Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ریاض کے شاہ فیصل ہسپتال میں دل کا پہلا مکمل روبوٹک آپریشن

روبوٹک ٹیکنالوجی میں ’اوپن ہارٹ‘ سرجری کی ضرورت نہیں پڑی۔ (فوٹو ایس پی اے)
ریاض کے شاہ فیصل سپیشلسٹ ہسپتال اور ریسرچ سینٹر میں عالمی سطح پر پہلا مصنوعی ہارٹ پمپ امپلانٹیشن کے آپریشن میں کامیابی حاصل کرلی۔  
سعودی خبررساں ادارے ’ایس پی اے‘ کے مطابق شاہ فیصل اسپیشلسٹ ہسپتال کی ٹیم نے آپریشن میں مکمل طور پر روبوٹک ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جس میں ’اوپن ہارٹ‘ سرجری کی ضرورت نہیں پڑی۔
ہسپتال انتظامیہ کا کہنا تھا کہ 35 سالہ مریض جس کے دل نے خون کو پمپ کرنا بند کردیا تھا کو 120 دن ہسپتال میں رکھا گیا اس دوران مریض کو بیرونی امدادی آلات کے ذریعے علاج کی فراہمی جاری رکھی گئی تاکہ اس کے طبی ٹیسٹ مکمل کیے جاسکیں۔
دل کی خون پمپ کرنے کی صلاحیت متاثر ہونے کی وجہ سے مریض کے گردے اور پھیپھڑے بھی شدید متاثر ہونا شروع ہو گئے تھے تاہم کامیاب آپریشن کے بعد اس کی حالت میں تیزی سے بہتری آنا شروع ہوگئی۔
شاہ فیصل اسپیشلسٹ ہسپتال کے امراض قلب اور روبوٹک ٹیکنالوجی کے شعبے کی سربراہ ڈاکٹر فراس خلیل نے بتایا کہ روبوٹک سرجری کی وجہ سے اوپن ہارٹ سرجری کی ضرورت پیش نہیں آئی جس سے مریض کو کافی سہولت ہوئی اور صحت یابی کے عرصہ بھی روایتی آپریشن سے کم رہا۔
ڈاکٹر فراس کا کہنا تھا کہ اوپن ہارٹ سرجری میں جس میں سینہ چاک کیا جاتا ہے عام طورپر مریض کو 63 دن ہسپتال میں رکھا جاتا ہے جبکہ روبوٹک ٹیکنالوجی کے ذریعے کیے گئے آپریشن میں مریض کو 10 دن میں ہسپتال سے فارغ کردیا جاتا ہے۔
ہسپتال کے سی ای او ڈاکٹر ماجد الفیاض کا کہنا تھا کہ ’یہ کامیابی عالمی سطح پر شعبہ طب میں حاصل ہونے والی پیش رفت اور جدت کے حوالے سے مملکت کی  پوزیشن کو مزید مستحکم کرے گی‘۔
واضح رہے شاہ فیصل سپیشلسٹ ہسپتال و ریسرچ سینٹر مشرق وسطی اور افریقہ میں پہلے جبکہ عالمی سطح  پر 20 ویں نمبر پر ہے۔ یہ رینکنگ دنیا کے 250 بہترین طبی مراکز کی فہرست کے مطابق ’فائینس برانڈ ‘ نے جاری کی ہے جبکہ نیوز ویک کے مطابق سال 2025 میں بہترین سمارٹ ہسپتالوں میں بھی شاہ فیصل اسپیشلسٹ ہسپتال شامل ہے۔
 

 

شیئر: