Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ریڈ سی فلم فاؤنڈیشن کی ریکارڈ 12 فلمیں آسکر ایوارڈز کی دوڑ میں شامل

بہترین بین الاقوامی فیچر فلم کے لیے شارٹ لسٹ کا اعلان 15 دسمبر کو کیا جائے گا (فوٹو: آئی ایم ڈی بی)
ریڈ سی فلم فاؤنڈیشن کے تعاون سے بننے والی ریکارڈ 12 فلمیں 99ویں اکیڈمی ایوارڈز میں بہترین بین الاقوامی فیچر فلم کے ایوارڈ کی دوڑ میں شامل ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق فاؤنڈیشن کا کہنا ہے کہ ان میں سے 11 فلمیں اپنے اپنے ممالک کی جانب سے باضابطہ طور پر نامزد کی گئی ہیں جبکہ ’انگ‘ نے 2026 کے ٹورنٹو انٹرنیشنل فلم فیسٹیول میں پلیٹ فارم ایوارڈ جیتنے کے بعد براہِ راست درخواست جمع کرانے کی اہلیت حاصل کی ہے۔
99ویں آسکرز کے لیے اکیڈمی کے نئے قواعد کے تحت، پلیٹ فارم ایوارڈ سمیت منتخب بین الاقوامی فلم فیسٹیولز کے انعام یافتگان اس کیٹیگری کے لیے براہِ راست اپنی اینٹری جمع کرا سکتے ہیں۔
ان 11 قومی نامزدگیوں میں ’اے میٹر آف لائف اینڈ ڈیتھ‘، ’رقیہ‘، ’سوم سوم  دی نائٹ آف دی سٹارز‘، ’دی سٹوریز‘، ’گوریا‘، ’فور سیزنز ان جاوا‘، ’سنک‘، ’سٹرابیریز‘، ’بن ایمانا‘، ’وی آر آل سٹرینجرز‘ اور ’دی ادر سائڈ آف دی سن‘ شامل ہیں۔
ریڈ سی فلم فاؤنڈیشن کے سی ای او فیصل بالتیور نے کہا کہ یہ کارکردگی فلم سازوں کی تیاری سے لے کر بین الاقوامی سطح پر پذیرائی تک ان کی حمایت کرنے کے عزم کی عکاسی کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’ریڈ سی فنڈ ہر سال فلموں کی ایک بڑی تعداد کی حمایت کرتا ہے اور ان میں سے 12 فلموں کا آسکر کی دوڑ میں پہنچنا ریڈ سی فلم فاؤنڈیشن کے لیے انتہائی فخر کا لمحہ ہے۔‘

99ویں اکیڈمی ایوارڈز کی تقریب 14 مارچ 2027 کو لاس اینجلس میں ہونا طے ہے (فوٹو: آئی ایم ڈی بی)

انہوں نے کہا کہ ’11 فلموں کا ان کے ممالک کی طرف سے سرکاری نامزدگی کے طور پر منتخب ہونا خود فلم سازوں اور ان کے کام کا ایک اہم اعتراف ہے اور یہ سعودی عرب، عرب دنیا، افریقہ اور ایشیا سے سامنے آنے والی صلاحیتوں اور کہانیوں کا ثبوت ہے۔‘
یہ اینٹریز اس سال فاؤنڈیشن کی تعاون یافتہ فلموں کو فیسٹیولز میں ملنے والی کامیابیوں کے بعد سامنے آئی ہیں۔ ’بن ایمانا‘ جو اب روانڈا کی آفیشل نامزدگی ہے، نے کانز میں کیمرہ ڈی اور جیتا، جبکہ فاؤنڈیشن کی ٹورنٹو میں بھرپور حاضری رہی جہاں ’انگ‘ سمیت آٹھ تعاون یافتہ فلمیں شامل تھیں۔

فیصل بالتیور نے کہا کہ ریڈ سی فنڈ ہر سال فلموں کی ایک بڑی تعداد کی حمایت کرتا ہے (فوٹو: عرب نیوز)

بہترین بین الاقوامی فیچر فلم کے لیے شارٹ لسٹ کا اعلان 15 دسمبر کو کیا جائے گا جس کے بعد 21 جنوری 2027 کو نامزدگیوں کا اعلان ہوگا۔
99ویں اکیڈمی ایوارڈز کی تقریب 14 مارچ 2027 کو لاس اینجلس میں ہونا طے ہے۔

 

شیئر: